شارجہ۔4اکتوبر (اے پی پی):شارجہ کے حکمران اور سپریم کونسل کے رکن، عزت ماب شیخ ڈاکٹر سلطان بن محمد القاسمی نے زور دے کر کہا ہے کہ شارجہ میں قدرتی ذخائر لوگوں کے چہل قدمی کرنے کی جگہ نہیں ہیں، بلکہ یہ جنگلی پودوں، درختوں، جانوروں، کیڑے مکوڑوں اور رینگنے والے جانوروں کے تحفظ کے لیے ایک متوازن ماحول ہیں تاکہ قدرتی دنیا کا توازن برقرار رہ سکے۔
امارت کے خبر رساں ادارے وام کے مطابق "ڈائریکٹ لائن” پروگرام میں ایک ٹیلی فونک گفتگو کے دوران، شیخ سلطان نے وضاحت کی کہ یہ قدرتی ذخائر معدوم ہونے والی انواع، جن میں پرندے، کیڑے مکوڑے اور رینگنے والے جانور شامل ہیں، کے لیے ایک محفوظ پناہ گاہ فراہم کرتے ہیں، اور عوام کی رسائی ان کی حفاظت کو خطرے میں ڈال سکتی ہے۔
انہوں نے الدھید روڈ کے ساتھ ایک نئے ماحولیاتی منصوبے کا بھی اعلان کیا، جہاں اونٹ، بکریاں، بھیڑیں اور گھوڑے ایک بڑے باڑ والے علاقے میں آزادانہ گھومیں گے، اورافراد کے مشاہدے کے لیے وہاں پارکنگ کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔شارجہ کے حکمران نے قدرتی خزانوں کے تحفظ کی اہمیت پر روشنی ڈالی، جن میں صرف شارجہ میں پائی جانے والی منفرد انواع شامل ہیں انہوں نے رہائشیوں سے قدرتی ماحول کا احترام کرنے کی اپیل بھی کی ہے۔
انہوں نے ماحولیاتی تحفظ کے لیے اپنی وابستگی کا اعادہ کیا، جسے وہ 1972 سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔شیخ سلطان نے ذخائر کے اندر قدرتی توازن پر بھی زور دیا، جہاں جنگلی حیات بیرونی مداخلت کے بغیر پروان چڑھتی ہے۔