شارجہ ۔4ستمبر (اے پی پی):شارجہ میں رواں ماہ ہونے والے واچ اینڈ جیولری مڈل ایسٹ شو میں 21 ممالک کے 1,800 ڈیزائنرز اور نمائش کنندگان کی شرکت کریں گے۔ اماراتی نیوز ایجنسی ’’وام‘‘ کے مطابق شارجہ 24 سے 28 ستمبر 2025 تک واچ اینڈ جیولری مڈل ایسٹ شو کے 56ویں ایڈیشن کی میزبانی کرے گا جو متحدہ عرب امارات اور خطے میں سونے اور جیولری کی سب سے بڑی اور بااثر تجارتی نمائش ہے۔
ایکسپو شارجہ اور شارجہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تعاون سے منعقد ہونے والی اس نمائش میں 21 ممالک سے تعلق رکھنے والے 500 سے زائد مقامی و بین الاقوامی نمائش کنندگان کے ساتھ ساتھ 1,800 ڈیزائنرز، مینوفیکچررز اور انڈسٹری پروفیشنلز شریک ہوں گے۔
گزشتہ ایڈیشن نے ریکارڈ کامیابی حاصل کی تھی جس میں 1.05 ارب درہم کی فروخت اور 106 ممالک سے 87 ہزار سے زائد وزیٹرز نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ 63 ممالک سے 1,400 تجارتی ماہرین بھی شریک ہوئے،نمائش 30 ہزار مربع میٹر رقبے پر محیط ہوگی اور لگژری گولڈ، ڈائمنڈ، واچ اور جیم اسٹون ڈیزائنز کے ساتھ جدید جیولری فیشن ٹرینڈز پیش کرے گی۔اس سال کے ایڈیشن میں یو اے ای، اٹلی، ترکیہ، امریکہ، روس، برطانیہ، جاپان، چین، سنگاپور، ہانگ کانگ، لبنان، ملائیشیا، سعودی عرب، مصر، بحرین اور کویت سمیت نمایاں ممالک کے معروف برانڈز اور ڈیزائنرز شریک ہوں گے۔ پہلی مرتبہ آسٹریلیا، میانمار اور پاکستان سمیت دیگر ممالک بھی شرکت کریں گے جس سے شو کی عالمی پہنچ مزید وسیع ہو رہی ہے۔
ایکسپو سینٹر شارجہ کے سی ای او سیف محمد المدفع نے کہا کہ واچ اینڈ جیولری مڈل ایسٹ شو نے اپنی مسلسل ترقی اور کامیابی کے ذریعے ایک مضبوط پلیٹ فارم کی حیثیت اختیار کر لی ہے جو مقامی و بین الاقوامی سطح پر تاجروں، سرمایہ کاروں اور پروفیشنلز کے لیے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے نمائش کی علاقائی و بین الاقوامی مسابقت کو مزید تقویت دینے اور مارکیٹ کے جدید رحجانات پیش کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
نمائش عوام کے لیے بدھ، جمعرات، ہفتہ اور اتوار کو دوپہر 1 بجے سے رات 10 بجے تک جبکہ جمعہ کو شام 3 بجے سے رات 10 بجے تک کھلی رہے گی۔ اس موقع پر مختلف ورکشاپس اور انڈسٹری سرگرمیوں کا انعقاد بھی کیا جائے گا تاکہ سونے اور جیولری مینوفیکچرنگ میں عالمی بہترین طریقہ کار متعارف کروائے جا سکیں اور شرکاکو عملی مہارتیں فراہم کی جا سکیں۔