اسلام آباد۔24مارچ (اے پی پی):شاعر انقلاب حبیب جالب کا یوم پیدائش 24 مارچ اتوار کو منایا گیا۔حبیب جالب 24 مارچ 1928 کو بھارتی پنجاب کے ضلع ہوشیار پور میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم دہلی سے حاصل کی اور پاکستان ہجرت کرنے کے بعد کراچی میں گورنمنٹ ہائی اسکول جیکب لائن سے مزید تعلیم حاصل کی۔حبیب جالب کا پہلا مجموعہ کلام ’برگ آوارہ‘ 1957 میں شائع ہوا۔
انہوں نے معاشرتی ناانصافیوں کو اپنی نظموں کا موضوع بنایا۔ متعدد بار قید و بند کی صعوبتیں جھیلنے کے باوجود اپنی شاعری کے ذریعے عوامی مسائل کو اجاگر کرتے رہے۔ حبیب جالب نے 60 اور 70 کی دہائی میں بہت خوبصورت شاعری کی۔ اردو شاعری کے منفرد شاعر حبیب جالب 13 مارچ 1993 کو 65 سال کی عمر میں اس دار فانی سے رخصت ہو گئے۔ حبیب جالب کی سالگرہ کے موقع پر علمی و ادبی حلقوں کی جانب سے منعقدہ مختلف تقریبات میں ان کی گرانقدر خدمات کے اعتراف میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔