ریاض۔3فروری (اے پی پی):شام کے وزیر داخلہ علی کدہ نے شام کے عبوری صدر احمد الشرع کے دورہ سعودی عرب کو شامی عوام کے لئے اہم قرار دیاہے ۔
العربیہ اردو کے مطابق وزیر داخلہ نے بتایا کہ شام کے صدر سعودی قیادت کے ساتھ ملاقات میں دمشق کی معاشی صورتحال کے ساتھ ساتھ شام میں تعمیر نو پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔شام کے وزیر داخلہ نے سعودی وژن 2030 سے فائدہ اٹھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ شامی صدر کا دورہ دو طرفہ تعلقات میں ایک نئےباب کا آغاز ہوگا۔دریں اثنا شام کے وزیر داخلہ نے وضاحت کی کہ ان کے ملک کو گزشتہ عرصے میں پڑوسی ممالک میں منشیات کی سمگلنگ کے لئے استعمال کیا گیا۔ موجوددہ حکومت سعودی عرب اور اردن کے ساتھ منشیات کی سمگلنگ سے نمٹنے کے لئے مشترکہ کوششیں اور ہم آہنگی کے ساتھ اقدامات کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شامی سکیورٹی اداروں نے علاقائی سلامتی کے حصول اور شامی سرحد کی حفاظت کےلئےسعودی عرب اور دوسرے ہمسایہ ممالک کے ساتھ سکیورٹی کے حوالے سے بات چیت کی ہے۔علی کدہ نے کہا کہ شام ، تیل اور گیس کے میدان میں سعودی عرب کے تجربے سے فائدہ اٹھانے کی خواہش رکھتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ہم شام میں سیاحت کو فروغ دینے اور اس میں سرمایہ کاری لانے کی کوشش کررہے ہیں۔یاد رہے کہ شام کے عبوری صدر احمد الشرع نے اتوار کو سعودی عرب کے دورے کے دوران ریاض میں سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمدبن سلمان سے ملاقات کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=555176