دمشق۔7اپریل (اے پی پی):شام میں زیتون کے تیل کی پیداوار ایک لاکھ 22 ہزار ٹن کی سطح پر پہنچ گئی ۔شام میں زیتون کے دس کروڑ دس لاکھ سے زیادہ درخت ہیں جن میں سے تقریباً 90ملین درخت پھلدار ہیں۔ شام میں زیتون کے باغات کے رقبہ کا تخمینہ 674,000 ہیکٹر لگایا گیا ہے جو کل کاشت شدہ رقبہ کا 12 فیصد ہے۔خبر رساں ایجنسی سانا کے مطابق زیتون کے درخت شام میں تیسری سب سے زیادہ کاشت کی جانے والی فصل ہیں اور یہ ملک کی قومی آمدنی کا تقریباً 3 فیصد اور زرعی آمدنی کا 9.5 فیصد ہیں جو تقریباً تین لاکھ شامی خاندانوں کو روزگار فراہم کرتے ہیں۔
شام میں گزشتہ سال 2024 کے سیزن کے دوران زیتون کے تیل کی پیداوار 122,000 ٹن تھی، اور مقامی کھپت ایک لاکھ ٹن تک پہنچ گئی، جس کا مطلب ہے کہ تقریباً 22,000 ٹن برآمد کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ سیزن کے زیتون کی پیداوار میں سے 20 فیصد استعمال کے لئے اور 80 فیصد تیل نکالنے کے لئے استعمال کی گئی۔شام میں زیتون کے تیل کی فلٹریشن اور پیکیجنگ کرنے والی 35 کمپنیاں ہیں جو شامی اور بین الاقوامی معیارات کے مطابق مختلف سائز اور اقسام کے کنٹینرز تیار کرتی ہیں۔
یہ کمپنیاں اس مقصد کے لئےمتعدد عرب اور بیرونی ممالک جیسے سعودی عرب، قطر اور متحدہ عرب امارات کو مستقل اور ضروری منڈیوں میں برآمد کرتی ہیں۔غور طلب ہے کہ شام نے 1998 میں اقوام متحدہ کے بین الاقوامی زیتون کے تیل کے معاہدے کے مطابق بین الاقوامی زیتون کونسل میں شمولیت اختیار کی تھی اور اس نے رکن ممالک کو فراہم کی جانے والی حمایت سے کافی فائدہ اٹھایا تھا۔