37.1 C
Islamabad
جمعرات, مئی 22, 2025
ہومتازہ ترینشام میں پائیدار امن اور استحکام کی تعمیر کے لیے قومی مفاہمت...

شام میں پائیدار امن اور استحکام کی تعمیر کے لیے قومی مفاہمت سمیت متحد سیکورٹی فریم ورک کی ضرورت ہے، عثمان جدون

- Advertisement -

اقوام متحدہ ۔22مئی (اے پی پی):پاکستان نے شام میں پائیدار امن اور استحکام کی تعمیر کے لیے قومی مفاہمت اور ایک متحد سیکورٹی فریم ورک کی ضرورت پر زور دیا ہے۔پاکستان کے نائب مستقل نمائندے عثمان جدون نےیہ نوٹ کرتے ہوئے کہ شام ایک "اہم موڑ” پر کھڑا ہے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو بتایا کہ بعض علاقوں بشمول ساحلی علاقوں میں تشدد کی بحالی تاریخی شکایات کو دور کرنے اور حقیقی مفاہمت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔

شام میں سیاسی اور انسانی صورتحال پر بحث کے دوران پاکستانی سفیر نے ملک پر سے پابندیاں ہٹانے کے لیے امریکا، یورپی یونین اور برطانیہ کے حالیہ اعلانات کا بھی خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے شام میں اہم انفراسٹرکچر کی بحالی، غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور ملک کو علاقائی اور عالمی معیشتوں میں دوبارہ ضم کرنے میں مدد ملے گی۔

- Advertisement -

انہوں نے اپنے تبصر ے میں عبوری انصاف کمیٹی کی تشکیل کا ذکر کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ غیر جانبداری اور شفافیت کے اصولوں سے رہنمائی کرے گی، جسے اقوام متحدہ سمیت غیر جانبدار بین الاقوامی اسٹیک ہولڈرز کی حمایت حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں دہشت گردی اور غیر ملکی دہشت گرد جنگجوؤں اور گروہوں کی موجودگی کے خلاف بھی چوکنا رہنا چاہیے۔انہوں نے خبردار کیا کہ انسانی صورت حال بدستور سنگین ہے، 16 ملین سے زیادہ لوگ ضرورت مند ہیں، زیادہ تر غربت اور خوراک کے عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس باوجود امداد نا کافی ہے، اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ شامی باشندوں کی ملک میں واپسی کے ساتھ ضروریات بھی بڑھیں گی۔

عثمان جدون نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ متوقع، پائیدار اور غیر سیاسی انسانی امداد کو یقینی بنائے۔انہوں نے شام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا مکمل احترام کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی مسلسل فوجی کارروائیاں بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کے چارٹر اور 1974 کے علیحدگی کے معاہدے کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہیں، جو علاقائی امن اور سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔

پاکستانی سفیر نے مزید کہا کہ یہ خلاف ورزیاں گولان کی پہاڑیوں اور علیحدگی کے علاقوں سمیت ختم ہونی چاہئیں۔ایک دہائی سے زائد عرصے سے شامیوں کے مصائب کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ امن، استحکام اور اپنی زندگیوں کی تعمیر نو کے موقع کے مستحق ہیں۔پاکستانی سفیر نے کہاکہ یہ لمحہ شام کی ملکیت اور شام کی قیادت میں خود مختاری، اتحاد اور قومی اداروں کے احترام پر مبنی سیاسی عمل کی حمایت میں اجتماعی عزم کا تقاضا کرتا ہے۔

انہو ں نے کہاکہ استحکام اور تعمیر نو کو بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کے مطابق محفوظ اور رضاکارانہ واپسی، اقتصادی احیاء اور علاقائی بحالی کے ذریعے سپورٹ کیا جانا چاہیے اور اس کوشش میں پاکستان امن، خوشحالی اور وقار کے حصول میں شامی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=600082

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں