دمشق ۔2جون (اے پی پی):شام نے سعودی عرب اور قطر کی جانب سے تنخواہوں کی امدادی رقم پراظہارِ تشکر کیا ہے ۔ العربیہ کے مطابق شام کے وزیر خزانہ محمد یسر برنیہ نے سعودی عرب اور قطر کی جانب سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کی مد میں مجوزہ امدادی رقم پرشکریہ کا اظہار کیا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ یہ اقدام برادر ممالک کے درمیان "سچی شراکت داری” کی عکاسی کرتا ہے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ ہم سعودی عرب اور قطر کے اس قابل قدر اقدام پر ان کے شکر گزار ہیں، یہ براہِ راست تعاون اور عرب یکجہتی کا بہترین اظہار ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ یہ مالی امداد شام کے سرکاری شعبے میں کام کرنے والے ملازمین کی تین ماہ کی تنخواہوں کے ایک حصے کی معاونت کے لیے دی جا رہی ہے۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ شام سعودی عرب اور قطر کی اس مدد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو نہ صرف علاقائی و بین الاقوامی مالیاتی اداروں سے تعلقات کی بہتری میں معاون ثابت ہو گی بلکہ ترقیاتی منصوبوں میں بھی ان اداروں کی شرکت کو فروغ دے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ تعاون ان مضبوط تعلقات کا عملی ثبوت ہے جو تینوں ممالک کی قیادت نے استوار کئے ہیں ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=604116