پشاور۔ 12 اپریل (اے پی پی):شانگلہ پولیس نے تھانہ چوگا کی پولیس پوسٹ شیکولئے پر رات گئے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا۔خیبر پختونخوا پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شانگلہ پولیس نے دہشت گردوں کے خلاف ہمیشہ بے مثال جرات و بہادری کا مظاہرہ کیا ہے۔ شانگلہ پولیس نے تھانہ چوگا کی پولیس پوسٹ شیکولئے پر رات گئے ہونے والا دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا۔نصف شب فتنہ الخوارج نے پولیس پوسٹ شیکولئے پر ہلکے اور بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا۔ شانگلہ پولیس نے جوابی کارروائی کی۔ شرپسندوں اور پولیس کے مابین کافی دیر تک شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔
پولیس کے بروقت اور فوری رسپانس سے دہشت گرد بھاگنے پر مجبور ہوگئے۔ علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران مختلف جگہوں پر دہشت گردوں کی پسماندگی کے نشانات پائے گئے۔ شانگلہ پولیس دہشت گردوں کی کسی بھی جارحیت سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ شانگلہ پولیس نے سیسہ پلائی دیوار بن کر بروقت کارروائی سے حملہ ناکام بنا دیا۔ آئی جی پی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے شانگلہ میں مقابلہ کرنے والے جوانوں کو شاباش پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس جوانوں کے حوصلے بلند ہیں اور پولیس دہشت گردوں کے کسی بھی حملے کا بھرپور جواب دینے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔ آئی جی پی نے حملہ پسپا کرنے والے شانگلہ پولیس کے بہادر جوانوں کےلئے نقد انعامات اور توصیفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔