مظفرگڑھ۔ 22 اپریل (اے پی پی):ملک کے دیگرشہروں کی طرح مظفرگڑھ میں بھی انٹرنیشنل ارتھ ڈے بھرپور انداز سے منایا گیا۔ ڈپٹی کمشنر میاں عثمان علی اور ممبر صوبائی اسمبلی اجمل خان چانڈیہ کی قیادت میں ڈی سی آفس سے واک شروع کی گئی،واک میں ضلعی انتظامی افسران ، سول سوسائٹی اور انجمن تاجران کے نمائندگان نے شرکت کی۔قبل ازیں ڈپٹی کمشنر میاں عثمان علی اور ممبر صوبائی اسمبلی کی زیر صدارت ڈی سی آفس میں آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ارتھ ڈے منانے کا مقصد عوام میں آگاہی و شعور پیدا کرنا ہے کہ پلاسٹک بالخصوص شاپنگ بیگ ہماری زمین اور ماحول کے لئے خطر ناک ہے ، پلاسٹک اور پولی تھین شاپنگ بیگ نے ہمارے سیوریج و آبپاشی کے نظام، آب و ہوا اور زمین سمیت سمندری ماحول کونقصان پہنچایا ہے، یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ نہ صرف خود پلاسٹک اور شاپنگ بیگ کے استعمال کو ترک کریں بلکہ دوسروں کو بھی اس کی ترغیب دیں۔
اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی اجمل چانڈیہ نےکہا کہ عوام میں ماحول کو صاف رکھنے ، پلاسٹک کے استعمال کو ترک کرنے کےلئے میڈیا بالخصوص سوشل میڈیا کو استعمال کرنا ہوگا تاکہ زیادہ سے زیادہ عوام کو اس کی ترغیب دی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ بچے ہمارے سفیر ہوتے ہیں سکولوں اور تعلیم اداروں کو پلاسٹک استعمال کے نقصانات کے بارے میں طلبا کو آگاہی دی جائے تاکہ وہ اپنے اپنے گھروں میں اس پیغام کو پہنچائیں۔