شاہرات پر حادثات سے بچنے کیلئے گنے سے لوڈ ٹرالیوں کی فرنٹ و بیک لائٹس فنکشنل رکھنے اور ریفلیکٹرز کی فوری تنصیب کی ہدایت کر دی گئی

47
Salut Saeed
Salut Saeed

فیصل آباد۔ 15 نومبر (اے پی پی):کمشنر فیصل آباد ڈویژن سلوت سعید نے20 نومبر سے شروع ہونیوالے گنے کے کرشنگ سیزن کے دوران ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ میں شاہرات پرٹریفک حادثات سے بچنے کیلئے گنے سے لوڈ ٹرالیوں کی فرنٹ و بیک لائٹس فنکشنل رکھنے اور ریفلیکٹرز کی فوری تنصیب کی ہدایت کی ہے ۔

تمام کاشتکاروں سے کہاگیاہے کہ وہ سموگ اور شام کے اوقات میں بالخصوص جبکہ عام اوقات میں بالعموم گنے سے لوڈ ٹریکٹر ٹرالیوں کو شاہرات پر لانے سے قبل ٹریکٹر ٹرالیوں کی فرنٹ و بیک لائٹس درست کروائیں اور ریفلیکٹرز کی تنصیب بھی یقینی بنائی جائے تاکہ مذکورہ لوڈ ٹریکٹر ٹرالیوں کے باعث سڑکوں پر ٹریفک کے حادثات اور قیمتی انسانی، جانی و مالی نقصان کے احتمال کو کم سے کم کرنے میں مدد مل سکے۔

دریں اثناسٹی ٹریفک پولیس فیصل آباد کے چیف ٹریفک آفیسرفرحان اسلم نے اے پی پی کواس حوالے سے بتایاکہ گنے کا کرشنگ سیزن شروع ہو تے ہی ٹریفک کے حادثات میں اضافہ ہو جاتاہے جبکہ دھند اور اندھیرے میں گنے سے لوڈ ٹریکٹر ٹرالیاں نظر نہ آنے، ریفلیکٹرز کی تنصیب نہ ہونے، ٹرالیوں کی بیک لائٹس فنکشنل نہ ہونے سے حادثات کی شرح بڑھ جاتی ہے۔

انہوں نے بتایاکہ تمام ٹریفک پولیس حکام کو بھی اس سلسلہ میں چوکس کر دیاگیاہے تاکہ حفاظتی و تدارکی اقدامات مکمل رکھے جاسکیں۔ انہوں نے ٹریکٹر ٹرالیوں کے ڈرائیورز کو بھی ہدایت کی کہ وہ زیادہ دھند اور اندھیرے میں گنے سے لوڈ ٹریکٹر ٹرالیاں شاہرات پر لانے سے اجتناب کریں تاکہ بعد ازاں انہیں کسی مشکل یاپریشانی کاسامنانہ کرناپڑے۔