لاہور۔25اگست (اے پی پی):وزیر تعمیرات و مواصلات پنجاب ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا ہے کہ شاہراہوں کی تعمیر کے معیار کا جائزہ لینے کے لیے تھرڈ پارٹی توثیقی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ یہ کمیٹیاں سنٹرل، نارتھ اور ساوتھ میں شاہراہوں کی تعمیر کے معیار کا جائزہ لیں گی۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ان کمیٹیوں کے ذریعے روڈریسٹوریشن پروگرام کے تحت تعمیر ہونے والی شاہراہوں کے معیار کو چیک کیا جائے گا۔ ہر تھرڈ پارٹی توثیقی کمیٹی چھ اراکین پر مشتمل ہوگی۔سنٹرل زون کمیٹی میں ڈپٹی سیکرٹری جنرل، ڈائریکٹر بریجز، نیسپاک نمائندہ، آر آر اینڈ ایم ٹی آئی کا نمائندہ اور کمیٹی کا مقرر کردہ کو آپٹڈ ممبر شامل ہوں گے۔ساوتھ زون کمیٹی میں ڈائریکٹر رامز، ایکسیئن ایچ ایم ڈی، نیسپاک نمائندہ، آر آر اینڈ ایم ٹی ای کا نمائندہ اور کمیٹی کا مقرر کردہ کو آپٹڈ ممبر شامل ہوں گے۔
نارتھ زون کمیٹی میں ڈپٹی سیکرٹری ایڈمن، سینئر منیجر سٹرکچر، نیسپاک نمائندہ، آر آر اینڈ ایم ٹی آئی کا نمائندہ اور کمیٹی کا مقرر کردہ کو آپٹڈ ممبر شامل ہوں گے۔کمیٹیاں ہر ضلع میں روڈ ریسٹوریشن پروگرام کے تحت تعمیر ہونے والی شاہراہوں کا اچانک معائنہ کریں گی۔ کمیٹیاں سکوپ آف ورک کے مطابق کام کے معیار اور میٹیریل کوالٹی کو چیک کریں گی اور شاہراہوں کی کوالٹی ٹیسٹنگ کریں گی۔صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات نے کہا کہ یہ کمیٹیاں سی اینڈ ڈبلیو کی تاریخ میں پہلی بار بنائی گئی ہیں۔ کمیٹی ہر شاہراہ کے حوالے سے اپنی سفارشات دے گی۔ محکمہ سی اینڈ ڈبلیو ہر شاہراہ کی تعمیر میں معیاری کام کو یقینی بنا رہا ہے۔ کمیٹیوں کا مقصد کام کے سکوپ آف ورک اور اعلی کوالٹی کو چیک کرنا ہے۔ ناقص کام پر نہ صرف کام ٹھیک ہوگا بلکہ ذمہ داروں کا تعین بھی کیا جائے گا۔