شاہین آفریدی بائولنگ کے دوران جان لڑاتا ہے، اس کے ساتھ بائولنگ کا مزہ آتا ہے، حسن علی

115

ہرارے ۔29اپریل (اے پی پی):قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بائولر حسن علی نے کہا ہے کہ شاہین آفریدی کے ساتھ بائولنگ کرانے کا مزہ آتا ہے، وہ بائولنگ کے دوران جان لڑاتا ہے، زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ میچ ہماری گرفت میں ہے، امید ہے آسانی سے جیت جائیں گے۔ جمعرات کو صحافیوں سے بات چیت کے دوران حسن علی نے ٹیسٹ کرکٹ میں 50 وکٹیں مکمل کرنے والے شاہین آفریدی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ صرف 16 میچوں میں50 ٹیسٹ وکٹیں حاصل کرنا قابل ستائش ہے۔

شاہین کے ساتھ بائولنگ کرانے کا ہمیشہ لطف آتا ہے، وہ میچ کے دوران پوری توانائی اور محبت سے بائولنگ کراتا ہے جس سے اتنا اعتماد ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کئی بار اکٹھے بائولنگ کراچکے ہیں اس لئے ہماری جوڑی پہلے ہی کی بنی ہوئی ہے جسے ہم برقرار رکھتے ہوئے پاکستان کے لئے مزید فتوحات حاصل کریں۔

حسن علی نے زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کے کھیل کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اور شاہین آفریدی نے اپنی ٹیم کو برتری دلانے کے لئے مضبوط بائولنگ کی۔ ہم بہت زیادہ مضبوط پوزیشن میں ہیں اور امید ہے آسانی سے یہ میچ جیت جائیں گے۔