شاہین شاہ آفریدی وسیم اکرم کی طرح ان سوئنگ‘ وقار یونس کی طرح یارکر اور شعیب اختر کی طرح باونسر مارنے کے خواہش مند

124
شاہین آفریدی نے ٹیسٹ کرکٹ میں 50 وکٹیں مکمل کرلیں

آکلینڈ۔15دسمبر (اے پی پی):قومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ باولر شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ اپنے ہیروز وسیم اکرم کی طرح ان سوئنگ‘ وقار یونس کی طرح یارکر اور شعیب اختر کی طرح باونسر مارنے کی خواہش ہے۔ منگل کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے جاری ایک ویڈیو میں نوجوان کرکٹر شاہین آفریدی نے کہا کہ ایک بہترین باولر بننے کے لئے اپنے سینئرز کی مہارتوں کو حاصل کرنے کا خواہش مند ہوں۔ میں چاہتا ہوں کہ شعیب اختر کی طرح باونسرکروں تو یہ میرے لئے بہت اچھا ہتھیار ہوگا۔ ان سوئنگ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وسیم اکرم سوئنگ کے سلطان ہیں‘ ان کی طرح ان سوئنگ میں بھی عبور حاصل کرنا چاہوں گا جبکہ وقار یونس یارکر بال پر بہت مہارت رکھتے تھے تو ان کی طرح یارکر بال کرانا چاہوں گا۔ سپیڈ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ شعیب اختر کی طرح تو سپیڈ نہیں بڑھا سکتا لیکن اپنی سپیڈ کو مزید بڑھانے کی کوشش کروں گا تاکہ پاکستان کے لئے فائدہ مند ہو۔ شاہین آفریدی نے کہا کہ سلو بال کے لئے کوشش کر رہا ہوں کہ اپنی ایک ایسی بال میں مہارت حاصل کروں جس کو بلے باز کو سمجھنے میں مشکل ہو۔ سہیل خان کی طرح آوٹ سوئنگ کرانا چاہتا ہوں۔