اسلام آباد۔1ستمبر (اے پی پی):بھارت کے تجربہ کار آف سپنر روی چندرن ایشون نے کہا ہے کہ اگر شاہین شاہ آفریدی انڈین پریمیئر لیگ میں ہوتے تو ان کا شمار لیگ کے مہنگے ترین کھلاڑیوں میں ہوتا۔
اپنے یو ٹیوب چینل پر بات کرتے ہوئے بھارتی کرکٹر نے کہا کہ اگر شاہین آفریدی آئی پی ایل کی نیلامی میں ہوتے تو کتنا زبردست ہوتا، ایک دراز قد بائیں ہاتھ کا فاسٹ بائولر جو نئی گیند سے کمال بائولنگ کرتا ہے اور آخری اوورز میں یارکر میں بھی مہارت رکھتا ہے اگر وہ آئی پی ایل کی نیلامی میں ہوتا تو اس کی بولی14سے15 کروڑ میں جا سکتی تھی۔
ایشون نے ایشیا کپ میں شاہین شاہ آفریدی کی انجری کے باعث غیر موجودگی میں پاکستانی فاسٹ بائولرز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ تمام پاکستانی فاسٹ بائولرز مسلسل140 سے 145 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بال کرتے ہیں، مجھے نہیں لگتا کہ دنیا کی کسی بھی ٹیم کے پاس فاسٹ بائولرز کا اتنا بھرپور متبادل موجود ہے۔ پاکستان ہمیشہ سے ایسی ٹیم رہی ہے جس میں فاسٹ بائولرز کا اتنا ٹیلنٹ موجود ہوتا ہے۔