شاہ سلمان ریلیف کی طرف سے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد میں خوراک کے 3028 ٹوکرے تقسیم

315
شاہ سلمان ریلیف کی طرف سے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد میں خوراک کے 3028 ٹوکرے تقسیم

اسلام آباد۔9اکتوبر (اے پی پی):سعودی عرب کے شاہ سلمان انسانی امداد اور امدادی مرکز (شاہ سلمان ریلیف) کی طرف سے پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں میں انسانی امداد کی فراہمی کے جاری اقدامات کے تحت اتوار کو 3028 ٹوکرے تقسیم کئے گئے ۔

شاہ سلمان ریلیف مرکز نے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں میں کھانے کی3028 ٹوکریاں تقسیم کی ہیں۔ شاہ سلمان ریلیف مرکز کی ٹیموں نے سوات، خیبرپختونخوا کے علاقے ڈیرہ اسماعیل خان، گلگت بلتستان کے ضلع دیامیر اور گانچھے، بلوچستان کے علاقہ نصیر آباد ، صوبہ سندھ کے مختلف متاثرہ علاقوں اورآزاد کشمیر کے علاقے نیلم میں 3028 کھانے کی ٹوکریاں، 150 خیمے، 1.308 مچھروں سے بچائو والی عمدہ مچھر دانیاں تقسیم کیں۔

موسلا دھار بارشوں اور سیلاب جس کا سلسلہ جون کے وسط میں شروع ہوا اور کئی ہفتوں تک جاری رہا، 1600 سے زائد افراد جاں بحق ہو گئے اور تقریبا 33 ملین افراد متاثر ہوئے ہیں۔ شاہ سلمان ریلیف مرکز نے گزشتہ ماہ پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی مدد کے لیے ایک مہم شروع کی کیونکہ پاکستانی حکومت نے صورتحال سے نمٹنے کے لیے مزید بین الاقوامی امداد کا مطالبہ کیا ہے۔

حالیہ ہفتوں میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی اور شاہ سلمان ریلیف مرکز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر خالد العثمانی نے بھی سندھ کے سیلاب زدہ علاقے سیہون شریف کا دورہ کیا اور لوگوں میں راشن اور دیگر ضروری اشیا تقسیم کیں۔ اگست سے پاکستان میں بین الاقوامی امداد کا سلسلہ جاری ہے،

سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے جنوبی ایشیائی ملک میں متاثرہ لوگوں تک امدادی سامان پہنچانے کے لیے ہوائی پل قائم کیے ہیں۔ گزشتہ ماہ سے اب تک سعودی عرب سے انسانی امداد لے کر کم از کم 10 طیارے پاکستان پہنچ چکے ہیں۔