شاہ سلمان مرکز ، یمن میں بارودی سرنگوں سے متاثرین کو مصنوعی اعضا کی فراہمی جاری

105
King Salman Humanitarian Aid and Relief Centre
King Salman Humanitarian Aid and Relief Centre

ریاض۔13ستمبر (اے پی پی):سعودی عرب کے شاہ سلمان امدادی مرکز کی جانب سے یمن میں باردوی سرنگوں کے باعث جسمانی اعضا سے محروم ہونے والوں کے لیے مصنوعی اعضا کی فراہمی کے منصوبے پرتیزی سے کام جاری ہے۔ایس پی اےکے مطابق شاہ سلمان مرکز کی جانب سے یکم ستمبر 2023 سے 30 جون 2024 تک بارودی سرنگوں سے متاثر ہونے والوں کو مختلف مراحل میں مصنوعی جسمانی اعضا فراہم کیے گئے۔

یمن کے علاقے عدن میں 413 متاثرین کو مختلف مصنوعی اعضا فراہم کیے گئے جبکہ 450 افراد کو فراہم کیے جانے والے مصنوعی اعضا کی اصلاح کی گئی۔امدادی مرکز کی جانب سے فراہم کردہ مختلف نوعیت کی طبی خدمات سے 7 ہزار سے زائد افراد مستفیض ہوئے جبکہ 6 ہزار کے قریب افراد کو فزیو تھراپی کی سہولت فراہم کی گئی جس کی وجہ سے ان کی مشکلات میں کافی کمی ہوئی۔

واضح رہے شاہ سلمان امدادی مرکز برائے فلاح انسانیت مختلف ممالک میں ضرورت مندوں کی امداد میں پیش پیش ہے جس کے تحت ضرورت مند خاندانوں میں راشن کی تقسیم کے علاوہ پینے کے صاف پانی اور طبی سہولتوں کی فراہمی کے منصوبے جاری ہیں۔