شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کا پاکستان بھر میں آنکھوں کے علاج کے کیمپوں کا سلسلہ ختم

8

اسلام آباد۔19جون (اے پی پی):شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے رضاکارانہ اقدام کے تحت پاکستان بھر میں آنکھوں کے علاج کے کیمپوں کا سلسلہ ختم کر دیا۔تفصیلات کے مطابق شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے نور سعودی رضاکار پروگرام 2025 کے زیر اہتمام پاکستان بھر میں آنکھوں کی دیکھ بھال کے 11جامع کیمپوں کی ایک سیریز کو کامیابی سے سمیٹ لیا۔

الابصار انٹرنیشنل فاؤنڈیشن اور کراچی میں ابراہیم آئی ہسپتال کے تعاون سے، اس اقدام کا مقصد غریب طبقوں، خاص طور پر مالی مشکلات کا سامنا کرنے والے یا مخصوص طبی دیکھ بھال تک محدود رسائی والے علاقوں میں رہنے والوں تک آنکھوں کے علاج ومعالجہ کی سہولیات پہنچانا ہے۔

پراجیکٹ کے نفاذ کے دوران کل 43,294 مریضوں کے آنکھوں کے معائنے کرائے گئے جن میں موتیا بند اور بینائی کو کمزور کرنے والے دیگر حالات سے نمٹنے کے لیے 4,484 سے زیادہ سرجریز کی گئیں۔ مزید برآں، 11,050 اصلاحی چشمے تقسیم کیے گئے۔اس اقدام نے وسیع جغرافیائی علاقے میں ایک معنی خیز اثر ڈالا ہے جس نے کراچی، ماتلی، کنڈیرو، شکارپور، حیدرآباد، نصیر آباد، خاران، خضدار، جہلم اور راولاکوٹ میں خدمات فراہم کیں ۔

انسانی ہمدردی کا یہ منصوبہ عالمی صحت کی کوششوں کے لیے مملکت سعودی عرب کی غیر متزلزل حمایت اور بینائی کے مسائل سے نمٹنے کے لیے اس کے جاری عزم کی نشاندہی کرتا ہے۔