ریاض ۔ 8 ستمبر (اے پی پی) خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے فرانس کے صدر ایمانوئل ماکروں سے ٹیلی فون پر گفتگو کی ہے۔العربیہ ٹی وی کے مطابق بات چیت میں جی ٹوئنٹی گروپ کی کوششوں کا جائزہ لیا گیا جس کا مقصد دونوں ملکوں کی معیشتوں کو سہارا دینا اور کورونا وائرس کی وبا کا مقابلہ کرنے کے لیے صحت کے نظام کی معاونت کرنا ہے۔ دونوں رہنماﺅں نے سعودی عرب اور فرانس کے درمیان تعلقات اور ان کو مضبوط بنانے کے طریقوں سمیت خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر فرانسیسی صدر نے دونوں ملکوں کے تعلقات کی سطح کا ذکر کرتے ہوئے رواں سال جی ٹوئنٹی گروپ کے سربراہ کی حیثیت سے سعودی عرب کی کوششوں کو سراہا۔