شاہ محمود قریشی کا مانچسٹر میں بزنس کمیونٹی سے خطاب

66

اسلام آباد ۔ 8 فروری (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم نے خارجہ پالیسی کو نئی سمت دی اور آج حالات بہتری کی طرف جا رہے ہیں،نئے پاکستان میں طرز حکمرانی نئی سوچ کی ہوگی۔ ہم عوام کی فلاح میں سرمایہ کاری کریں گے۔ ہم موٹرویز کی بجائے قوم سازی پر توجہ دیں گے اور ملک میں نیا سیاسی کلچر متعارف کرائیں گے۔گزشتہ روز مانچسٹر میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے ہمیشہ بیروں ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کے حق کی بات کی ہے تاکہ آپ ملکی پالیسیوں کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہ میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ نیا پاکستان بن کے رہے گا اور اس نئے پاکستان میں طرز حکمرانی نئی سوچ کی ہوگی۔ہم ملک میں نیا سیاسی کلچر متعارف کرائیں گے۔انہوں نے کہا کہ جب اسد عمر نے وزارتِ خزانہ کا قلمدان سنبھالا تو معاشی حالات انتہائی خراب تھے ہمارا قرضہ 28 ٹریلین تک پہنچ چکا تھا،برآمدات نہ ہونے کے برابر رہ گئی تھیں ہم پہلے 16 دفعہ آئی ایم ایف کے پاس گئے مگر انہوں نے ہمیشہ سخت پابندیاں لگائیں۔ہم نے پاکستان کے دوستوں کی مدد لی تاکہ ہم آءایم ایف کے ساتھ بہتر شرائط پر بات چیت کر سکیں۔ ہم اپنے ہمسایوں کے ساتھ بھی امن کی. بات کر رہے ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم نے خارجہ پالیسی کو نئی سمت دی اور آج حالات بہتری کی طرف جا رہے ہیں۔سول سروس انحطاط کا شکار تھی وہ لوگ جو مہارت رکھتے تھے مختلف شعبوں میں، موقع ملنے پر ملک چھوڑ رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ وہ دیا جلے گا میں ہوا کا رخ تبدیل ہوتے دیکھ رہا ہوں۔