اسلام آباد۔3ستمبر (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جمعہ کو ٹوکیو پیرالمپکس میں تاریخ رقم کرنے والے پاکستانی ایتھلیٹ حیدر علی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے پر مبارکباد دی۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ حیدر علی جیسے نوجوان، ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حیدرعلی نے اپنی محنت سے ثابت کیا کہ لگن سچی ہو تو کچھ بھی ناممکن نہیں، آج پوری قوم حیدر علی کی کامیابی پر فخر محسوس کر رہی ہے۔
حیدرعلی نے اس حوصلہ افزائی پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا ۔واضح رہے کہ حیدر علی نے ٹوکیو میں منعقدہ پیرالمپکس میں ڈسکس تھرو مقابلوں میں گولڈ میڈل حاصل کیا ہے۔