سرگودہا۔30ستمبر (اے پی پی):کمشنر محمد اجمل بھٹی کی قیادت میں گورنمنٹ انبالہ مسلم گریجویٹ کالج کے دو ہزار سے زائد طلباء وطالبات نے پلانٹ فار پاکستان مہم کے تحت کوٹ فرید روڈ اور سبزی منڈی روڈ پر پودے لگاتے ہوئے سرسبز سرگودہا کے خواب کو عملی جامہ پہنایا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کمشنر نے کہا کہ شجرکاری وقت کی اہم ضرورت ہے اور آج ہم اس میں جتنا فعال کردار ادا کریں گے ہماری آنے والی نسلوں کا مستقبل اتنا ہی محفوظ اور صحت مند ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ انسانی زندگی کی بقا کے لیے درختوں کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں۔ جنگلات کے کٹاؤ اور شجرکاری مہم کے نہ ہونے کی وجہ سے ماحولیاتی آلودگی حد درجہ بڑھ چکی ہے جبکہ موسموں میں بھی شدت آچکی ہے۔جو کہ گلوبل وارمنگ کے اثرات ہیں ہم سب کو مل کر ماحول کو بچانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پودے لگانا کمال اور اس کو پالنا اس سے بھی زیادہ کمال ہے۔ طلبہ و طالبات ہمارا مستقبل اورشجرکاری کے حوالے سے چیمپین ہیں۔یہ کافی نہیں کہ صرف اپنے حصے کا کام کریں اور گھر جا کر سو جائیں۔ ہمیں دوسروں کو بھی شجرکاری کے اہمیت سے آگاہ کرنا ہوگا۔ کمشنر محمد اجمل بھٹی نے کالج کے طلباؤطالبات میں پودے بھی تقسیم کیے۔
بعد ازاں کمشنر محمد اجمل بھٹی نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عمر فاروق کے ہمراہ تھیلیسیمیا سنٹر ہلال احمرہسپتال کا بھی دورہ کیا۔انہوں نے سنٹر پر بچوں کو انتقال خون کے لیے فراہم کردہ سہولیات کو جائزہ لیا ان کی عیادت کی اورجلد صحت یابی کی دعا کی۔ انہوں نے سینٹر کی لیبارٹری سمیت دیگر شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا اور انتظامیہ کو خدمت خلق کا فریضہ انجام دینے پر خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے تھیلیسیمیا کے بچوں کے ہمراہ ایک پودا بھی لگایا۔اس موقع پر ڈائریکٹر کالجز سرفراز گجر،ڈپٹی ڈائریکٹر ابو الحسن نقوی،پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر اظہر عباس‘پروفیسر مرتضی اور اساتذہ کرام بھی موجود تھے۔