اسلام آباد ۔ 7 اگست (اے پی پی) خوشحالی مائیکرو فنانس بینک لمٹڈ (کے ایم بی ایل) نے شجرکاری کی حالیہ مہم میں 6 ہزار درخت لگائے ہیں۔ خوشحالی مائیرو فنانس بینک لمیٹڈ نے محکمہ جنگلات پنجاب کے اشتراک سے چھانگا مانگا میں 6 ہزار پودوں کی شجرکاری کی ہے۔ کے ایم بی ایل کے حکام نے کہا ہے کہ شجرکاری کی مہم میں 8.5 ایکڑ رقبہ پر نئے درخت لگائے گئے ہیں اور فی ایکڑ 800 نئے پودے لگائے گئے ہیں۔ شجرکاری مہم میں بینک کی لاہور، قصور، پتوکی اور اس کے ملحقہ علاقوں کی برانچوں کے سٹاف نے رضاکارانہ طور پر حصہ لیا ہے۔ مزید برآں بینک آئندہ پانچ سال تک ان پودوں کی افزائش کے حوالے سے ان کی نگہداشت بھی کرے گا۔