گلگت۔28فروری (اے پی پی):شجر کاری کو فروغ دے کر ماحولیاتی مسائل سے نمٹا جا سکتا ہے، دورِ حاضر میں موسمیاتی تبدیلی دیگر بے شمار مسائل کو جنم دینے کا باعث ہیں، موسمیاتی تبدیلی قدرتی آفات کی ماں ہے جس کے نتیجے میں نہ صرف انسانی زندگیاں موت کے منہ میں چلی جاتی ہیں بلکہ نباتات اور حیوانات سمیت دیگر وسائل کو بھی بے تحاشہ نقصانات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اِن خیالات کا اظہار سیکریٹری ہائیر، ٹیکنیکل اینڈ اسپیشل ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ گلگت بلتستان فرید احمد نے اسپیشل ایجوکیشن کمپلیکس، نزد کے-آئی-یو گلگت میں شجر کاری کی تقریب میں بحیثیتِ مہمانِ خصوصی خطاب کرتا ہوئے کیا۔ انہوں نے کمپلیکس کے احاطے میں مختلف اقسام کے شجر لگائے اور اسپیشل ایجوکیشن کمپلیکس گلگت میں باقاعدہ شجر کاری مہم کا آغاز کیا۔
انہوں نے شرکائے تقریب پر زور دیا کہ وہ صدقہ جاریہ کے طور پر زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں، ان کی نگرانی اور نشونما کو یقینی بنائیں اور گلگت بلتستان میں جنگلات کے کٹاؤ کو روکنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ اس موقع پر ادارے میں زیرِ تعلیم معذور بچوں (افراد باہم معذور) نے بھی درخت لگا کر خوشی کا اظہار کیا۔
اس تقریب میں اویس احمد ڈائریکٹر ٹیکنیکل اینڈ اسپیشل ایجوکیشن جی بی، پرنسپل اسپیشل ایجوکیشن کمپلیکس گلگت حلیمہ سعدیہ، ڈاکٹر محمد انور ہیڈ پلاننگ سیکشن, فیکلٹی اور طلباء نے شرکت کی اور شجر کاری مہم میں پھر پور انداز میں حصہ لیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=567455