اسلام آباد۔6دسمبر (اے پی پی):سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا ہے کہ شدت پسندی جو ہمارے رویوں میں رچ بس گئی ہے اس کا تدارک کرنا ہوگا، سیالکوٹ کا واقعہ ہماری آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہے۔ پیر کو سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق یہ بات انہوں نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔
سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ ہمیں شدت پسندی کا مقابلہ کرنا ہوگا، اس بات کی خوشی ہے کہ تمام پارٹیاں اس مسئلہ پر متفق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات کو روکنے کے لیے انتظامیہ سے غفلت ہوئی ہے تو ایکشن لیا جائےگا، قانون کی موجودگی میں کسی کو حق نہیں پہنچتا کہ وہ خود فیصلہ کرے، اس قانون کو مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اس کا غلط استعمال نہ ہو، شدت پسندی جو ہمارے رویوں میں رچ بس گئی ہے اس کا تدارک کرنا ہوگا۔