شدید بارشوں کی پیشنگوئی کے پیش نظر نالہ لئی پر دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے، کمشنر راولپنڈی

136

اسلام آباد۔4جولائی (اے پی پی):کمشنرراولپنڈی عامر خٹک نے کہاکہ شدید بارشوں کی پیشنگوئی کے پیش نظر نالہ لئی پر دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے، نالہ لئی پر تجاوزات اور ملبہ پھینکنے پر 10 مقدمات درج کئے ہیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کی گرفتاریاں بھی عمل میں لائی جارہی ہیں، ہنگامی مشقوں کا مقصد بارشوں سے قبل صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہنا ہے ،

محکمہ موسمیات کے مطابق اس سال 30 فیصد سے زائد بارشوں کا امکان ہے۔ان خیالات کا اظہار کمشنرراولپنڈی انجینئر عامرخٹک نے جمعرات کو ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ کے ہمراہ نالہ لئی کا دورہ کرتے ہوئےکیا۔ انہوں نے مون سون بارشوں کے پیش نظر نالہ لئی پر جاری مشقوں کا جائزہ لیا۔

فرضی مشقوں میں واسا، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، پولیس اور میونسپل کارپوریشن کا عملہ حصہ لیا۔مشقوں کے دوران نالہ لئی کے اطراف خطرے کے سائرن بھی بجائے گئے۔ اس موقع پر ایم ڈی واسا محمد سلیم نے ہنگامی حالات سے نمٹنے اور مشقوں پر بریفنگ دی۔مون سون بارشوں کی صورتحال سے بچنے کیلئے پیشگی اقدامات کئے گئے ہیں،مون سون بارشوں کے دوران مانیٹرنگ کا نظام بھی قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اسلام آباد انتظامیہ کے ساتھ بھی رابطہ میں ہیں، واسا سمیت تمام اداروں کو الرٹ کیا گیا ہے۔