شدید بارش کے فوری بعد سی ڈی ای کی مختلف فارمیشنز، ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن اور ایم سی آئی کی تمام فیلڈ ٹیموں کو متحرک کر دیا گیا تھا، چیف کمشنر اسلام آباد

32
Muhammad Ali Randhawa

اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈائریکٹر جنرل سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں حالیہ طوفانی بارش کے بعد سی ڈی اے، ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن اور ایم سی آئی کی جانب سے کئے گئے مشترکہ آپریشنز کا جائزہ لینے کے لئے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔

شدید بارش کے فوری بعد سی ڈی ای کی مختلف فارمیشنز، ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن اور ایم سی آئی کی تمام فیلڈ ٹیموں کو متحرک کر دیا گیا تھا، جس کے تحت انہیں واضح ہدایات دی گئیں کہ وہ اپنی پوری استعداد اور وسائل کے ساتھ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف اور فوری مدد کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔

چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے، ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈائریکٹوریٹ، انوائرمنٹ ونگ، بلڈنگ کنٹرول، اسلام آباد واٹر ایجنسی، روڈ اینڈ مینٹیننس ونگ سمیت ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر اسلام آباد کی تمام مرکزی سڑکوں سے گرے ہوئے درختوں، ملبے اور پانی و دیگر رکاوٹوں کو فوری طور پر ہٹانے کے مشترکہ آپریشن کا فوری آغاز کیا گیا۔ دورے کے دوران چیئرمین سی ڈی اے نے مزید ہدایت کی کہ شاہراہوں کی صفائی، پانی کے نکاس اور ٹریفک کے معمول کے بہاؤ کو بحال کرنے کی کوششوں کو ترجیحی بنیادوں پر مزید تیز کیا جائے۔

شہر کے نالوں، پانی کے راستوں اور انڈر پاسوں میں رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے صفائی ستھرائی، انوائرمنٹ اور انجینئرنگ ونگز کے اہلکار اور مشینیں پہلے ہی تعینات کر دی گئی تھیں۔ نشیبی علاقوں، انڈر پاسوں اور اہم سڑکوں پر موثر نکاسی آب کو یقینی بنانے کے لیے ایک خصوصی نگرانی کا نظام بھی فعال کر دیا گیا تھا۔

چیئرمین سی ڈی اے نے ذاتی طور پر سی ڈی اے، ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن، ایم سی آئی اور ٹریفک پولیس کی تمام ٹیموں کی مشترکہ کاوشوں اور آپریشن کا جائزہ لیا تاکہ تمام شاہراہوں اور جگہوں کو فوری طور پر صاف کیا جاسکے اور شہر میں ٹریفک کے نارمل بہاؤ کو یقینی بنایا جاسکے۔

اسلام آباد کے شہریوں نے چیف کمشنر اسلام آباد کی قیادت میں جاری آپریشن میں گرے ہوئے درختوں کو فوری ہٹانے، تمام سڑکوں کو صاف کرنے اور شدید بارش اور طوفان کے باوجود ٹریفک کے نارمل بہاؤ کو یقینی بنانے کے لیے بروقت اور مؤثر اقدامات کو سراہا۔