شدید دھند ، لاہور اورملتان ایئرپورٹس پر حد نگاہ ناقص ہونے کے باعث فلائٹ شیڈول متاثر

231

اسلام آباد۔28دسمبر (اے پی پی):لاہور اورملتان ایئرپورٹس پر شدید دھند کے باعث حد نگاہ ناقص ہونے کے باعث فلائٹ شیڈول متاثر ہوگیا۔ بدھ کو ایوی ایشن ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق لاہور ایئرپورٹ پرحد نگاہ50 میٹر ہے جس میں کمی کا رجحان جاری ہے اور یہاں پرگزشتہ رات سے ’’لو وزیبلٹی پروسیجرز‘‘نافذالعمل ہیں۔ لاہور ایئرپورٹ پرجدہ لاہور،لاہور جدہ،شارجہ لاہور،مسقط لاہور کے لیے پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں جبکہ استنبول لاہور،لاہور استنبول پروازیں شدید دھند کے باعث منسوخ کردی گئیں۔

ملتان ایئرپورٹ پر حد نگاہ 600 میٹر ہے۔جن فلائٹس کو گذشتہ رات اسلام آباد کی طرف موڑ دیا گیا ان میں دبئی سیالکوٹ،جدہ لاہور،مدینہ منورہ لاہور کی 2 پروازیں شامل ہیں۔ ان تمام پروازوں کے مسافروں کوایئر لائن کی طرف سے مہیا کی گئی بسوں کے ذریعے اپنے اپنے شہروں کو روانہ کردیا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ہوائی اڈے کے لیے روانہ ہونے سے پہلے کسی بھی اپ ڈیٹ کے لیے اپنی ایئر لائن سے رابطہ کریں۔ اس کے علاوہ آپ www.caapakistan.com.pk سے رابطہ کرسکتے ہیں یا کسی بھی فلائٹ سے متعلق پوچھ گچھ کے لیے کال کر سکتے ہیں۔