شدید دھند کے باعث موٹروے ایم ون،ایم ٹواور ایم 14 کو مرحلہ وار ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیاہے ، ترجمان موٹر وے پولیس

97
Motorway Police
Motorway Police

اسلام آباد۔22جنوری (اے پی پی):نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے شدید دھند کے باعث موٹروے ایم ون، ایم ٹواور ایم 14 کو مرحلہ وار ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیاہے ۔ ترجمان موٹر وے پولیس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق موٹروے ایم ٹو کو اسلام آباد سے کوٹ مومن تک، موٹروے ایم -1 کو اسلام آباد سے پشاور تک، موٹروے ایم -14کو ہکلہ سے یارک تک، سوات ایکسپریس وے کو کرنل شیر خان سے اسماعیلہ تک دھند کے باعث ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیاہے ۔

ترجمان نے کہا کہ موٹر وے بند کرنے کا مقصد حادثات سے بچاؤ اور موٹروے استعمال کرنے والوں کے جان و مال کا تحفظ ہے،شہریوں سے درخواست ہے کہ دھند کے اوقات میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں،اپنا سفر دن کی روشنی میں مکمل کر کے دھند کے آغاز سے پہلے اپنی منزل مقصود تک پہنچ جائیں،

گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں ،دھند کی صورت میں تیز رفتاری سے گریز کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ معمول سے زیادہ رکھیں، سفر شروع کرنے سے پہلے موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130 سے یا نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے تازہ ترین معلومات ضرور حاصل کر یں۔