اسلام آباد۔17جنوری (اے پی پی):شدید دھند کے باعث موٹر وے ایم تھری لاہور سے عبدالحکیم، ملتان خانیوال، ایم فورفیصل آباد سے پنڈی بھٹیاں سے گوجرہ اورایم فائیو ملتان سے رحیم یار خان اور سکھر تک ٹریفک کے لئے عارضی طور پر بند کر دی گئی ہے۔قومی شاہراہ پر گجرات، حافظ آباد، مانگا منڈی، ،پتوکی اور اوکاڑہ سمیت متعدد علاقوں میں بھی شدید دھند چھائی ہوئی ہے ۔ پنجاب کے مختلف علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں جس کے باعث فضائی اور زمینی سروس شدید متاثر ہے۔شدید دھند کے باعث لاہور ائیر پورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل ہے ۔ ترجمان موٹروے نے ڈرائیور حضرات کو ہدایت کی ہے کہ دھند کے دوران شہری غیر ضر وری سفر سے گریز کریں اور دوران سفر فوگ لائٹس کا استعمال کریں گاڑیوں کے درمیان فاصلہ رکھیں اور مشکل صورت حال میں مزید معلومات کے لئے موٹر وے کی ہیلپ لائن 130 اور پٹرولنگ پولیس کی ہیلپ لائن 1134پر رابطہ کریں۔