شدید دھند کے باعث پی آئی اے کی پروازوں کے شیڈول تبدیل، بعض پروازیں منسوخ

86
شدید دھند کے باعث پی آئی اے کی پروازوں کے شیڈول تبدیل، بعض پروازیں منسوخ

اسلام آباد۔20جنوری (اے پی پی):ملک کے بالائی علاقوں اور ہفتہ کو اسلام آباد میں شدید دھند کے باعث پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائن ( پی آئی اے) کی پروازوں کے شیڈول میں تبدیل اور بعض پروازیں منسوخ کر دی گئیں ، دن 12 بجے بھی حد نگاہ 150 میٹر سے کم رہی جو کہ ائیربس 320 کی پروازوں کیلئے غیر محفوظ ہوتی ہے۔

ہفتہ کو پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ خان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اسلام آباد آمد والی پروازیں پی کے 182 شارجہ تا اسلام آباد، پی کے162 ابوظہبی تا اسلام آباد اور پی کے 168القسیم تا اسلام آباد کا رخ لاہور کی طرف موڑ دیا گیا۔ اسی طرح سکردو کی پرواز پی کے 451/452، دبئی کی پرواز پی کے 211/212، 233 اور کراچی کی پرواز پی کے 308 منسوخ کر دی گئی۔

ترجمان نے مزید کہا کہ دبئی تا لاہور کی پروازیں پی کے 236 منسوخ جبکہ ریاض تا لاہور کی پرواز پی کے 726 کراچی ڈائیورٹ کر دی گئی۔ پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ پروازوں کے مسافروں کی زحمت کم از کم کرنے کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں۔

موسم میں بہتری نہ ہونے کے باعث مسافروں کو فوری معلومات فراہم کرنے، متبادل کنکشن دینے اور ہوٹل قیام کا بندوبست ان اقدامات میں شامل ہے ، ترجمان نے کہا کہ مسافروں سے بھی التماس ہے کہ اپنی پروازوں سے متعلق بروقت معلومات کیلئے پی آئی اے کال سینٹر سے رابطے میں رہیں ،پی آئی اے انتظامیہ اپنے تمام مہمانوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے،

ائیرپورٹ عملہ ان کی ہر ممکن خدمات میں مشغول ہے ، دھند موسمی عمل ہے اور یہ پی آئی اے کی بساط سے باہر ہے لہذا مسافروں سے درخواست ہے کہ وہ دھند میں پروازیں آپریٹ کرنے پر اصرار نہ کریں، فضائی حفاظت تمام چیزوں پر مقدم ہے۔ ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان نے کہا کہ تاخیر یا منسوخی کی کوفت ضرور ہے مگر انسانی جانوں سے اہم نہیں۔