شدید گرمی میں کوڑا کرکٹ صاف کرنے والے ورکرز ہمارے ہیروز ہیں، ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو

24

ملتان ۔ 30 جون (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے محرم الحرام کے سلسلہ بھی بھرپور صفائی آپریشن کا آغاز کردیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ماتمی جلوسوں اور مجالس کے روٹس پر آپریشن کلین اپ اور ملبہ جات کی صفائی کا کام شروع کردیا گیاہے۔ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے شہر کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیا اور صفائی آپریشن کی انسپکشن کی۔ڈویژنل منیجر آپریشن انوار الحق نے صفائی آپریشن اور کارکردگی پر بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر نے عملہ صفائی سے ملاقات کی اور انکی کارکردگی کو سراہا۔ ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا کہ شدید گرمی میں کوڑا کرکٹ صاف کرنے والے ورکرز ہمارے ہیروز ہیں،محرم الحرام کے موقع پر شہر بھر کی مثالی صفائی کیلئے خصوصی پلان تشکیل دیا گیا ہے۔وسیم حامد سندھو کا کہنا تھا کہ دیہی و شہری علاقوں میں یکساں صفائی آپریشن کیلئے ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ ستھرا پنجاب مہم کے دوران یومیہ کوڑا تلف کرنے کی شرح دگنی کردی گئی ہے۔

وسیم حامد سندھو کا کہنا تھا کہ وزیراعلی پنجاب نے عملہ صفائی کی فلاح و بہبود کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائے ہیں، شہری صفائی کے حوالے سے شکایت 1139 پر درج کرا سکتے ہیں۔