اسلام آباد ۔ 15 جون (اے پی پی) وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے کہا کہ شرح سود میں کمی سے کورونا وباء کی وجہ سے مشکل کا شکار معیشت اور کاروبار کو دوبارہ بحال کرنے میں مدد مل رہی ہے، ایمرجنگ مارکیٹس میں پاکستان نے سب سے زیادہ 525 بنیادی پوائنٹس کی شرح سود میں کمی کی گئی ہے۔ سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر علی زیدی نے اپنے بیان میں کہا کہ شرح سود میں کمی سے کورونا وباء کی وجہ سے مشکل کا شکار معیشت اور کاروبار کو دوبارہ بحال کرنے میں مدد مل رہی ہے، ایکسپورٹرز کیلئے آسانیاں پیدا ہوئی ہیں، مزید یہ کہ بینک قرضوں کی ادائیگی کو ایک سال کیلئے ملتوی کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب پاکستان میں ہوا ہے اس کی مثال دوسرے ملکوں میں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا حکومت پاکستان نے کورونا وباء کی وجہ سے کوئی نہیں ٹیکس نہیں لگایا بلکہ اس وباء سے لڑنے کیلئے سینکڑوں ارب روپے مختص کئے ہیں ۔ یہ موجودہ 1240 ارب روپے کے پیکیج کے علاوہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام کی مجموعی رقم بھی 208 ارب روپے تک بڑھا دی گئی ہے۔