شریف برادرن نے 80کی دہائی سے ووٹ خریدنے کا کام شروع کیا،الیکشن کمیشن این اے 133میں ووٹ خریدنے کی وڈیوپر سخت ایکشن لیکر ن لیگ کے امیدوار کو نااہل قرار دے ، ڈاکٹر شہباز گل

79

اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ ووٹ خریدنا ن لیگ کا پرانا وطیرہ ہے، این اے 133 میں ن لیگ کھلم کھلا ووٹ خرید رہی ہے، الیکشن کمیشن ووٹوں کی خریدوفروخت کی وڈیو سامنے آنے پر سخت ایکشن لیکر ن لیگ کے امیدوار کو ناہل قرار دے۔

اتوار کو حلقہ این اے 133 میں ن لیگ کی جانب سے ووٹ خریدنے کی وڈیو سامنے آنے کے بعد نجی ٹی وی چینل پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ووٹ خریدنے کی وڈیو ن لیگ کے اصل چہرے کو سامنے لا رہی ہے، یہ ن لیگ کے رہنمائوں نواز شریف اور شہباز شریف کا ہی کارنامہ ہے جنہوں نے ووٹ خریدنے کا کام 80 کی دہائی سے شروع کیا اور اس کے بعد ہمیشہ یہ لوگ ووٹ خرید کر اقتدار میں آتے رہے۔

شہباز گل نے کہا کہ یہی وجہ تھی کہ تحریک انصاف نے 2013ءانتخابات میں دھاندلی کے خلاف بھرپور احتجاج کیا تھا اور پھر جب چار حلقے کھولے گئے تو چاروں حلقوں میں دھاندلی ثابت ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اب الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس وڈیو کے اوپر سخت ایکشن لے کر ن لیگ کے امیدوار کو نااہل کرے،

ظاہر ہے کہ ووٹ خریدنے کے سارے عمل میں ن لیگ کا امیدوار اور پوری پارٹی ملوث ہے، ووٹ دینے کا حلف لینے والوں کے فون ریکارڈ نکالے جائیں اور پیسے کی ترسیل کا سارا نظام پکڑا جائے کہ یہ پیسہ کہاں سے آیا، اس کے بعد الیکشن کمیشن اس پر اپنا فیصلہ صادر فرمائے۔