شزہ فاطمہ کا اسلام آباد میں زیرِ تعمیر آئی ٹی پارک کا دورہ

شزہ فاطمہ کا اسلام آباد میں زیرِ تعمیر آئی ٹی پارک کا دورہ

اسلام آباد۔6اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے اسلام آباد میں زیرِ تعمیر سب سے بڑے اور جدید ترین آئی ٹی پارک کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کے دوران وفاقی وزیر نے آئی ٹی پارک کے مختلف فلورز کا معائنہ کیا اور جاری تعمیراتی کام کی پیشرفت و تفصیلا ت کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر متعلقہ حکام کی جانب سے وفاقی وزیر کو منصوبے کی تکمیل، کام کی رفتار اور مختلف شعبہ جات کی تفصیلات سے آراستہ جامع بریفنگ دی گئی۔

جمعرات کو وزارت آئی ٹی وٹیلی کام سے جاری بیان کے مطابق ​وفاقی وزیر شزہ فاطمہ خواجہ نے کام کے معیار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تعمیراتی اور تکمیلی امور کو مزید بہترین اور معیاری بنانے کے لئے خاص ہدایات جاری کیں۔

​اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہاکہ​ یہ جدید ترین سہولیات سے آراستہ آئی ٹی پارک وزیراعظم کی جانب سے ملک کے ہونہار نوجوانوں کے لئے ایک عظیم تحفہ ہے۔

اس منصوبے کے ذریعے ہمارے نوجوان جدید ٹیکنالوجی کے برابری کے مواقع حاصل کر کے نہ صرف دنیا بھر کے ممالک میں اپنے روزگار کے راستے کھولیں گے بلکہ پاکستان کی معیشت کی بہتری اور استحکام میں بھی اپنا کلیدی کردار ادا کریں گے۔​

واضح رہے کہ اسلام آباد میں قائم ہونے والا یہ آئی ٹی پارک ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ، بین الاقوامی معیار کے ڈھانچے اور روزگار کے مواقع کی فراہمی میں سنگِ میل ثابت ہوگا، اس اہم ترین قومی منصوبے کا باقاعدہ افتتاح بہت جلد ہوگا۔