شطرنج کےکھیل کو پاکستان میں مقامی سطح پر فروغ دینےکی ضرورت ہے،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی بین الاقوامی شطرنج فیڈریشن کے وفد سےگفتگو

94
شطرنج کے کھیل کو پاکستان میں مقامی سطح پر فروغ دینے کی ضرورت ہے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی بین الاقوامی شطرنج فیڈریشن کے وفد سے گفتگو

اسلام آباد۔2فروری (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نےشطرنج کے کھیل کو پاکستان میں مقامی سطح پر فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں شطرنج کی مقبولیت کیلئے مقابلوں کا انعقاد کیا جانا چاہیے اور شطرنج کی بین الاقوامی تنظیموں اور نجی شعبے کے ساتھ اشتراک کو فروغ دینا ہوگا۔

ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار بین الاقوامی شطرنج فیڈریشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے جمعہ کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔صدر مملکت نے کہا کہ شطرنج کی سرپرستی اور فروغ کیلئے سرکاری و نجی شعبوں کے مابین تعاون کو فروغ دینا ہوگا، شطرنج کے مقابلوں کے انعقاد سے کھیل کی حوصلہ افزائی کی جا سکتی ہے۔

صدر مملکت نے ملک میں شطرنج سمیت صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینے پر زور دیا اور کہا کہ شطرنج کے ذہنی اور تعلیمی فوائد ہیں، تعلیمی نظام میں شامل کرنا چاہیے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ شطرنج ذہنی تنائو دور کرنے اور ذہنی صلاحیتیں بڑھانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

وفد نے صدر مملکت کو دنیا میں شطرنج کے فروغ میں بین الاقوامی شطرنج فیڈریشن کے کردار بارے آگاہ کیا۔وفد نے صدر مملکت کو اس بات سے آگاہ کیا کہ پاکستان میں شطرنج سے متعلق سرگرمیوں کو فروغ دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں، پاکستان میں لوگوں کی بڑی تعداد شطرنج کے کھیل کی دلدادہ ہے۔ وفد نے کہا کہ شطرنج کو سکولوں میں پرائمری سطح پر فروغ دیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ شطرنج کے کھلاڑی شطرنج کے عالمی مقابلوں میں آن لائن بھی حصہ لے سکتے ہیں۔وفد میں بین الاقوامی شطرنج فیڈریشن کے صدر اور روس کے سابق نائب وزیر اعظم آرکاڈی ڈورکووچ، ایشین شطرنج فیڈریشن کے صدر اور متحدہ عرب امارات کے مرحوم صدر کے بیٹے شیخ سلطان بن خلیفہ النہیان،

بین الاقوامی شطرنج فیڈریشن کی منیجنگ ڈائریکٹرڈانا ریزنیز اوزولا، برطانوی شطرنج کے گرینڈ ماسٹر ڈاکٹر نائجل شارٹ، ایشین شطرنج فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل ہشام الطاہر، پاکستان شطرنج فیڈریشن کے سرپرست اعلیٰ جوہر سلیم، بین الاقوامی شطرنج فیڈریشن کے اراکین، ایشین چیس فیڈریشن، پاکستان شطرنج فیڈریشن، اسلام آباد سکریبل ایسوسی ایشن اور پاکستان سکریبل ایسوسی ایشن کے اراکین شامل تھے۔