شعبہ جاتی اور سرکاری ملکیتی اداروں میں اصلاحات کا عمل جاری ہے، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی پاکستان میں سپین کی سفیرسے ملاقات میں گفتگو

105

اسلام آباد۔12جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہاہے کہ شعبہ جاتی اور سرکاری ملکیتی اداروں میں اصلاحات کا عمل جاری ہے ، نجکاری کا پروگرام آگے بڑھ رہاہے اورحکومت براہ راست بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کویہاں پاکستان میں سپین کے سفیر مسز جوز اے ڈی اوری سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیر خزانہ نے سپین کی سفیر کا خیر مقدم کیا اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور دیرینہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیرخزانہ نے سفیر کو پاکستان کی اقتصادی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ ملک معاشی استحکام کی راہ پرگامزن ہے، زرمبادلہ کے ذخائر 9.4 ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں، سٹاک ایکسچینج بہترکارگردگی کامظاہرہ کررہی ہے ، جون 2024 میں افراط زر کی شرح 12.6 فیصد پر آئی ہے جبکہ ترسیلات زر میں بھی نمایاں اضافہ ہواہے ۔ انہوں نے آئی ایم ایف کے ساتھ 9 ماہ کے سٹینڈ بائی ارینجمنٹ (ایس بی اے) کے کامیاب اختتام کا حوالہ دیا اورکہاکہ حکومت فنڈ کے تعاون یافتہ درمیانی مدتی پروگرام کے تحت معاشی اصلاحات کے ایجنڈے کو جاری رکھنا چاہتی ہے ۔

انہوں نے جی ڈی پی کے تناسب سے ٹیکسوں کے دائرہ کارمیں وسعت کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا اورکہاکہ صرف اسی سے معاشی استحکام کو دیرپا بنایاجاسکتا ہے۔ وزیر خزانہ نے کہاکہ مالی سال 2024 کے دوران ٹیکس کی وصولی میں مالی سال 2023 کے مقابلے میں 30 فیصد اضافہ ہوا، ڈیجیٹلائزیشن، مالیاتی استحکام، توانائی کے شعبہ میں اصلاحات اور ٹیکس انتظامیہ کو بہتر بنایا گیا۔انہوں نے کہاکہ شعبہ جاتی اور سرکاری ملکیتی اداروں میں اصلاحات کا عمل جاری ہے ، نجکاری کا پروگرام آگے بڑھ رہاہے اورحکومت براہ راست بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ کیلئے اقدامات بھی کررہی ہے۔

وزیر خزانہ نے کہاکہ برآمدات پرمبنی نمو حکومت کا ایجنڈا ہے جس کے لیے مختلف پالیسیوں کے ذریعے روایتی شعبے کے ساتھ ساتھ زراعت اور آئی ٹی کے شعبوں کی بھی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔ ہسپانوی سفیر نے پاکستان میں کلی معیشت کے استحکام اور پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے معاشی اصلاحات کے عمل کے حوالہ سے حکومت کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے حکومت اسپین اور پاکستان کے درمیان ویلیو ایڈڈ شعبوں میں گہرے تعاون کے امکانات اور برآمدات میں ویلیو ایڈیشن کو بڑھانے پر زور دیا۔