شعبہ صحت میں جدید ایجادات واصلاحات کیلئے نوجوان ڈاکٹرزکوحکومت کا ہاتھ بٹانا ہے، گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی

120
Haji Ghulam Ali
Haji Ghulam Ali

پشاور۔ 09 مارچ (اے پی پی):گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ شعبہ صحت میں جدید ایجادات اور اصلاحات کیلئے نوجوان ڈاکٹرزکو اپنی تحقیق سے حکومت و ریاست کا ہاتھ بٹانا ہے،21ویں صدی میں جدید سہولیات پر مبنی میڈیکل کی تعلیم مکمل کرنیوالے نوجوانوں سے ریاست و قوم امید رکھتی ہے کہ شعبہ صحت میں ایسی تحقیق وایجادات لائیں کہ جس سے محض بیماریوں کا پتہ نہ چلے بلکہ معاشرے سے بیماریوں کو جڑ سے اکھارنے کیلئے مددگار ثابت ہو۔ انہوں نے کہا کہ طبی شعبہ سے دکھی انسانیت کی خدمت جڑی ہے اس شعبہ کو کاروبار اور پیسہ کمانے کا مقصد نہیں بنانا بلکہ دکھی انسانیت کی خدمت کو مشن بنانا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاورمیں خیبرگرلز میڈیکل کالج پشاورکے 5ویں کانووکیشن سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانووکیشن میں گورنرنے میڈیکل کے شعبہ میں دیر بالا کے پسماندہ علاقے سے تعلق رکھنے والے خطیب کی بیٹی تسنیم زہرا ، جس نے نمایاں پوزیشن حاصل کر کے 21 گولڈ میڈل حاصل کئے ، کی شاندار کارکردگی پر والدین اورطالبہ کو خصوصی مبارکباد دی اور اس طرح نمایاں پوزیشن پر17 گولڈ میڈل حاصل کرنیوالی ماہ نوش صالح اور12 گولڈ میڈلز حاصل کرنیوالی طالبہ عائشہ اقبال سمیت دیگرگولڈ میڈلز حاصل کرنیوالی 16 طالبات کی تعلیمی کارکردگی کو بھی سراہا۔

گورنر نے تقریب میں127 طالبات میں میڈیکل کی ڈگریاں تقسیم کیں اورتعلیمی کامیابی کا سفرمکمل ہونے پر طالبات، والدین اورفیکلٹی اراکین کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پرتقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ شعبہ صحت میں پاکستان کو عالمی ممالک کی اولین فہرست میں لانے کیلئے ایک مشترکہ سخت جدوجہد و محنت کی ضرورت ہے، نوجوان ڈاکٹرز کے لئے چیلنج ہے کہ بیماریوں کے خاتمےکےلئے ریسرچ کرکے حکومت و ریاست کی مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل کی تعلیم مکمل کرنیوالی طالبات بھی

اپنی تعلیم کو ضائع نہ ہونے دیں اور بحیثیت خاتون ڈاکٹر آپ اپنے گھر میں بھی معاشرے کی غریب و نادار خواتین کی صحت و تندرستی اورعلاج معالجہ کر کے طبی شعبہ میں منفرد مقام حاصل کر سکتی ہیں۔ تقریب میں وائس چانسلر خیبر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق، ڈین خیبرگرلزمیڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر زاہد امان،ڈائریکٹر ایچ ایم سی پروفیسر ڈاکٹر شہزاد اکبر، چئیرمین پالیسی بورڈ پروفیسر ڈاکٹر ضیاء السلام، چئیرمین بورڈ آف گورنرزغلام قادر،رجسٹرار، کنٹرولرامتحانات، فیکلٹی اراکین، سینٹ و سنڈیکیٹ کے ممبران سمیت طالبات اور والدین نے شرکت کی ۔

تقریب میں ڈین خیبرگرلزمیڈیکل کالج پروفیسرڈاکٹرزاہد امان نے گورنر کو ادارہ کی مجموعی کارکردگی رپورٹ بھی پیش کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلرخیبرمیڈیکل یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹرضیاء الحق نے صوبہ کے تمام میڈیکل کالجز کے کانووکیشن میں شرکت کر کے طلباء و طالبات، فیکلٹی اراکین کی حوصلہ افزائی پرگورنر کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے میڈیکل کالجزکے کانووکیشن التوا کا شکار تھے لیکن گورنرحاجی غلام علی نے اپنا منصب سنبھالنے کے بعد 14 ماہ کےعرصہ میں تمام میڈیکل کالجز کے کانووکیشن مکمل کر لئے اور4000 کے قریب میڈیکل کے طلباء وطالبات کو ڈگریاں نوازی ہیں جس پر ہم انکو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔