اسلام آباد۔31مارچ (اے پی پی):قومی ٹیم کے سابق فاسٹ باولر شعیب اختر نے کورونا وائرس کا شکار ہونے والے سابق بھارتی کرکٹر سچن ٹنڈولکر کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر سٹار کرکٹر ٹنڈولکر کے لئے خصوصی پیغام جاری کیا۔
شعیب اختر نے انسٹا گرام پر اپنے کرکٹ کے دنوں کی ایک یادگار تصویر بھی شیئر کی جس میں سچن ٹنڈولکر بیٹنگ کررہے ہیں جبکہ شعیب اختر باولنگ کرا رہے ہیں۔ شعیب اختر نے یادگار تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ٹنڈولکر کے ساتھ کرکٹ گراونڈ میں میری سب سے پسندیدہ دشمنی تھی۔ شعیب اختر نے اپنی پوسٹ میں سچن ٹنڈولکر سے کہا کہ "بڈی، جلدی سے ٹھیک ہوجاو۔”
واضح رہے کہ سچن ٹنڈولکر گزشتہ روز کورونا کا شکار ہوگئے ہیں۔ انہیں کورونا کی ہلکی علامات ظاہر ہوئیں۔ انہوں نے خود کو گھر میں ہی قرنطینہ کرلیا ہے اور ڈاکٹرز کی ہدایت کے مطابق تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرلی ہیں۔