شعیب ملک کی 73 رنز کی اننگز، گیانا نے جمیکا کو 77 رنز سے ہرا دیا

108

پراویڈنس ۔ 4 اکتوبر (اے پی پی) گیانا ایمزون واریئرز نے کپتان شعیب ملک کی شاندار بیٹنگ کی بدولت جمیکا تلاواز کو 77 رنز سے شکست دے کر مسلسل نویں کامیابی حاصل کر لی، جمیکا کی ٹیم 157 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی، شعیب ملک کو 73 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے پر مرد میدان قرار دیا گیا۔ پراویڈنس میں کھیلے گئے لیگ کے 29 ویں میچ میں گیانا ایمزون واریئرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنائے، 8 کے مجموعی سکور پر 4 وکٹیں گر جانے کے بعد شعیب ملک نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 45 گیندوں پر 73 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر گیانا کی پوزیشن کو مستحکم کر دیا، ان کی اننگز میں دو چھکے اور پانچ چوکے شامل تھے۔ جمیکا تلاواز کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 79 پر ڈھیر ہوگئی، گلین فلپس اور لٹن داس نے 21 ، 21 رنز بنائے۔ عمران طاہر نے 12 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، قیس احمد اور کیمو پال نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ شعیب ملک کو مرد میدان قرار دیا گیا۔