شفاانٹرنیشنل ہسپتال کا مریضوں کے محفوظ علاج کے عالمی دن کے موقع پر معیاری صحت کی فراہمی کے عزم کا اعادہ

78

اسلام آباد۔17ستمبر (اے پی پی):مریضوں کے محفوظ علاج کا عالمی دن، ہر سال 17 ستمبر کو منایا جاتا ہے، جس کا مقصد مریضوں کے محفوظ علاج کے بارے میں عالمی سطح پر شعور اجاگر کرنا اور مریضوں کی صحت کی دیکھ بھال کے حوالے سے اپنے عزم کا اظہار کرنا ہے۔ شفا انٹرنیشنل ہسپتال نے مریضوں کی صحت اور معیار زندگی کو بہتر بنانے کے اپنے مشن کا اعادہ کرنے کےلئے ایک آگاہی سیمینار کا اہتمام کرتے ہوئے اس دن کو منایا۔

عالمی ادارہ صحت نے تمام اسٹیک ہولڈرز سے اپیل کی ہے کہ محفوظ زچگی اور نومولود کی دیکھ بھال کے عزم کے ساتھ بچوں کی محفوظ اور باعزت طریقے سے پیدائش کےلئے عملی اقدامات کیئے جائیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے، مہمان خصوصی ڈاکٹر نوشین حامد (پارلیمانی سیکرٹری صحت) نے شفا انٹرنیشنل ہسپتال کی انتظامیہ کی جانب سے اس دن کو منانے کے اقدامات کی تعریف کی کیونکہ پاکستان میں مریضوں کو متعدد مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں کو مریضوں کے محفوظ علاج کو یقینی بنانا چاہیے کیونکہ یہ صحت کے شعبے میں ایک بہت بڑا چیلنج ہے اور کرونا وائرس کے وبائی مرض کے مسلسل چیلنجز کے دوران اس کی اہمیت بہت زیادہ بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مہم اس سال کرونا وائرس کی وجہ سے اور بھی زیادہ اہم ہے تاکہ ہسپتالوں میں علاج کے بہترین طریقوں کو اپنانے کے بارے میں شعور بیدار کیا جا سکے اور عام طور پر تمام مریضوں اور خاص طور پر بچے کی پیدائش کے دوران تمام خواتین اور نوزائیدہ بچوں کےلئے ممکنہ خطرات اور نقصانات سے بچا جا سکے۔

معززمہمان ڈاکٹر قائد سعید اخونزادہ (چیف ایگزیکٹو آفیسر، اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی) نے عالمی ادارہ صحت کی جانب سے مریضوں کے محفوظ علاج کیلئے موزوں ہسپتال کے اقدام کی اہمیت پر زور دیا جو مریضوں کی دیکھ بھال اورمحفوظ علاج کے طریقوں کو بہتر بنانے میں مددگار ہے۔

محفوظ علاج کے عالمی دن کی اہمیت کے بارے میں بات کرتے ہوئے، ڈاکٹر منظور الحق قاضی (چیف ایگزیکٹو آفیسر، شفا انٹرنیشنل ہسپتال) نے کہا کہ یہ دن ہمیں مریضوں اور ان کے محفوظ علاج کےلئے اپنے مضبوط عزم کا اظہار کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ جوائنٹ کمیشن انٹرنیشنل کا سند یافتہ ہسپتال ہونے کے ناطے، شفا انٹرنیشنل ہسپتال مریضوں کے محفوظ علاج کے حوالے سے اپنی ذمہ داری سے آگاہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شفا انٹرنیشنل ہسپتال کی جانب سے دی جانے والی خدمات محفوظ ہیں اور مریضوں کا معیار زندگی بہتر کرنے کے ساتھ ساتھ صحت عامہ کے اہداف پر بھی بہتر اثرات مرتب کر رہی ہیں۔