اسلام آباد۔15دسمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے احساس پروگرام کے تحت فلاحی منصوبوں سے متعلق عوام میں آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ شفافیت پر مبنی یہ پروگرام سماجی فلاحی ریاست کے وژن کی جانب اہم قدم ہے ، ارکان قومی اسمبلی اور میڈیا ان فلاحی پروگراموں سے متعلق معلومات حاصل کر کے عوام میں شعور اجاگر کریں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ون ونڈواحساس مرکز جی سیون کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔صدر مملکت کی اہلیہ بیگم ثمینہ عارف علوی بھی ان کے ہمراہ تھیں ،
وزیر اعظم کی معاون خصوصی سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے صدرمملکت کا خیرمقدم کیا اور انہیں احساس کے ون اسٹاپ شاپ آپریشنز کے بارے میں بریفنگ دی جو 14 مختلف ٹارگٹ گروپس کے لیے تمام فوائد اور خدمات کو ایک جگہ پر یکجا کرتی ہے۔
بریفنگ کے دوران انہیں بتایا گیا کہ ایک جگہ پر احساس کے تمام فوائد اور خدمات کے ساتھ، ون ونڈو احساس سنٹر وسائل کے ساتھ مستحقین کو سہولت فراہم کرتا ہے جنہیں پہلے اپنے مسائل کے حل کے لیے کئی دفاتر جانا پڑتا تھا۔بریفنگ کے دوران یہ بھی بتایا گیا کہ ان پروگراموں میں احساس کفالت پروگرام ، احساس نشونما پروگرام ،
احساس بلاسود قرضہ سکیم ،لنگر خانہ ، پناہ گاہ سمیت دیگر پروگرام شامل ہیں ۔ صدر مملکت نے وسیع پیمانے پر ون ونڈو احساس خدمات کا جائزہ لیا اور مستحقین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ اس سہولت کے ذریعے احساس کی تمام خدمات تک ایک مربوط طریقے سے رسائی حاصل کی جا سکتی ہے، اور یہ ایک فلاحی ریاست کا حقیقی مظاہرہ ہے۔
انہوں نے احساس کی تمام خدمات اور سہولیات کے ایک ہی چھت کے نیچے انضمام کو سراہتے ہوئے اس بات کی تعریف کی کہ پاکستان میں پہلی بار ضرورت مندوں کی خدمت کے لیے سنگل ونڈو سروس تیار کی گئی ہے۔
انہوں نے ڈاکٹر ثانیہ اور احساس کی ٹیم کو انتہائی دیانتداری اور شفافیت کے ساتھ متعدد احساس پروگرام چلانے پر مبارکباد دی۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ لوگوں کواندازہ نہیں کہ یہ کتنا بڑا پروگرام ہے اور یہ غریب طبقات کے لئے کتنی آسانیاں پیدا کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ احساس پروگرام جامع پروگرام ہے جس کے تحت ملک کے پسماندہ طبقات کے لئے تعلیم ، وظائف سمیت فلاح و بہبود کے 20کے لگ بھگ پروگرام شروع کئے گئے ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ کورونا وباء کے دوران احساس پروگرام کے تحت احساس کفالت پروگرام شروع کیا گیا ، اربوں روپے پسماندہ طبقات میں تقسیم کئے گئے ، اس میں کوئی کرپشن سامنے نہیں آئی یہ کرپشن سے پاک منصوبہ ہے۔
انہوں نے کہاکہ مہنگائی کا مسئلہ ہے لیکن یوٹیلیٹی سٹورز پر کنٹرولڈ ریٹ پر آٹا ، گھی اور چینی فراہم کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت غریب طبقات کے لئے پروگرام سماجی فلاحی ریاست کے وژن کی جانب اہم قدم ہے ۔ون ونڈو سینٹر وسیع درجے کی خدمات پیش کرتا ہے جس میں احساس کفالت، احساس کیش ادائیگی کے لیے شراکت دار بینکوں کی اے ٹی ایم مشینیں، بائیو میٹرک تصدیق کے لیے نادرا آفس، اور احساس اسکول وظائف ، احساس نشوونما، احساس انڈر گریجویٹ اسکالرشپ، احساس بلاسود قرضے احساس ڈیجیٹل انٹرنیٹ کیفے،
احساس لنگر، احساس تحفظ کے لیے ڈیسک کے علاوہ معذور افراد کی خدمت کے لیے ایک ڈیسک، لوگوں کو پناہ گاہوں تک لے جانے کے لیے شٹل سروس، احساس راشن رعایت کے لیے احساس یوٹیلٹی اسٹور، مکمل طور پر لیس ٹریننگ روم، سروے رجسٹریشن ڈیسک، خواتین کے لیے ریٹائرنگ روم، معلومات اور شکایت کے ڈیسک اور کئی دیگر ڈیسک شامل ہیں۔