شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے 1.1 ٹریلن روپے مالیت کے پی ایس ڈی پی منصوبوں کا ڈیٹا آن لائن کر دیا گیا، وفاقی وزیر احسن اقبال نے پی ایس ڈی پی پورٹل کا باقاعدہ افتتاح کر دیا

126
احسن اقبال

اسلام آباد۔15جون (اے پی پی):ملکی تاریخ میں پہلی بار پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے منصوبوں کا ڈیٹا (جاری اور پچھلے سالوں کا) جن کی مالیت 1.1 ٹریلین روپے ہے، کو پی ایس ڈی پی پورٹل پر آن لائن کر دیا گیا ہے جس کا جمعرات کو باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے پورٹل کا افتتاح کیا تاکہ ان منصوبوں کی شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال نے وزارت منصوبہ بندی میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران باضابطہ طور پر پی ایس ڈی پی پورٹل کا آغاز کیا۔ تقریب میں ایڈیشنل سیکرٹری پلاننگ منسٹری، ممبران پلاننگ کمیشن، پاکستان سپیس اینڈ اپر ایٹماسفیئر ریسرچ کمیشن سپارکو کے چیئرمین اور دیگر سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔

واضح رہے کہ پی ایس ڈی پی ، جو وفاقی ترقیاتی بجٹ کی تشکیل کرتا ہے، حکومت کے ترقیاتی ایجنڈے کے لیے ایک اہم فریم ورک کے طور پر کام کرتا ہے، قومی منصوبے کے تحت شعبہ جاتی اور علاقائی ترجیحات کا تعین کرتا ہے۔ اس سٹریٹجک اقدام کا مقصد شفافیت کو بڑھانے، گورننس کو بہتر بنانے اور حکومت کے ترقیاتی کورس اور ترجیحات کے بارے میں عوامی بیداری کو فروغ دینے کے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کی صلاحیت کو بروئے کار لانا ہے۔ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے شہریوں کو ملک بھر میں شروع کیے جانے والے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں زیادہ بصیرت حاصل ہوگی۔ یہ انہیں ہر پروجیکٹ کے مقاصد، دائرہ کار اور اثرات کو سمجھنے کے قابل بناتا ہے، عوامی مشغولیت اور شرکت کو فروغ دیتا ہے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے احسن اقبال نے اس اقدام کو ملکی تاریخ میں ایک تاریخی دن قرار دیا جو اس پورٹل کے ذریعے شہریوں کو براہ راست منسلک کرتے ہوئے پی ایس ڈی پی کے منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے ریاست اور شہریوں کے درمیان اعتماد کی کمی کو ختم کرنے میں مدد ملے گی جو ماضی میں کمزور رہی۔پلاننگ کمیشن کے ممبر گورننس، انوویشن اینڈ ریفارمز ڈاکٹر عدنان رفیق جنہوں نے وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کے وژن کے تحت یہ اقدام اٹھایا، نے منصوبے کی اہم خصوصیات پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ پورٹل پر تمام جاری پی ایس ڈی پی منصوبوں کا ڈیٹا میسر ہے جس کی رسائی تمام لوگوں کے لیے ہے۔ ان کے مطابق وزارت نے پہلے ہی ایک چیمپیئنز آف ریفارمز نیٹ ورک قائم کیا ہے تاکہ پی ایس ڈی پی کے تحت پروجیکٹ کی تجاویز کا جائزہ لینے اور شہریوں سے ان پٹ حاصل کی جا سکے۔

واضح رہے کہ آن لائن پورٹل ایک انٹرایکٹو میپ انٹرفیس فراہم کرتا ہے، جس سے صارفین محل وقوع کے لحاظ سے پراجیکٹس تلاش کر سکتے ہیں، پراجیکٹ پروفائلز دیکھ سکتے ہیں، اور مخصوص علاقوں میں ترقیاتی اقدامات کی جامع سمجھ حاصل کر سکتے ہیں۔سپارکو کے چیئرمین میجر جنرل عامر ندیم نے اس اہم اقدام پر وزارت منصوبہ بندی کو سراہتے ہوئے کہا کہ خلائی ٹیکنالوجی اور اس کی ایپلی کیشنز دنیا بھر میں قومی ترقی کے اہداف کے حصول میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جغرافیائی ٹیکنالوجیز ایک طاقتور ٹول ہیں جو ہمارے فیصلے کرنے کے طریقے میں انقلاب لانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔