اسلام آباد۔14مئی (اے پی پی):شفا ہسپتال کواراضی ٹرسٹ کی بنیادپرنہیں بلکہ سرمایہ کاری کی بنیادپردی گئی تھی، ٹرسٹ ہسپتالوں میں مفت علاج کے حوالہ سے پی ایم ڈی سی کاکوئی کردارنہیں، این ڈی ایم اے نے 13ہزار شہریوں کوسول ڈیفنس کی تربیت دی ہے ۔
بدھ کوقومی اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران صاحبزادہ صبغت اللہ کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری مختارعلی ملک نے بتایا کہ شفا ہسپتال کو1987میں اراضی فراہم کی گئی ہے جس کی بہت کم قیمت لی گئی ہے، ہسپتال کواراضی ٹرسٹ کی بنیادپرنہیں بلکہ سرمایہ کاری کی بنیادپردی گئی تھی، شفا کاموقف تھا کہ ہم اسلام آباد میں جدید ترین ہسپتال بنائیں گے، اس وقت دوملین ڈالرکی سرمایہ کاری کا وعدہ کیاگیاتھا۔ انہوں نے کہاکہ ٹرسٹ ہسپتالوں میں مفت علاج کے حوالہ سے پی ایم ڈی سی کاکوئی کردارنہیں ہے ٹرسٹ کے اپنے قواعد وضوابط ہوتے ہیں۔
ڈاکٹرشازیہ صوبیہ اسلم کے سوال پرمختارعلی ملک نے کہاکہ این ڈی ایم اے نے 9ہزار شہریوں کی سول ڈیفنس کی تربیت کااعلان کیاتھا تاہم اب تک 13ہزار شہریوں کوسول ڈیفنس کی تربیت دی گئی ہے جن میں 12ہزارمرد شامل تھے، حالیہ جارحیت کے دوران سول ڈیفنس کے اہلکاروں نے اپنی ذمہ داریاں اداکی ہیں، زخمیوں کوہسپتالوں میں منتقل کرنے میں مددفراہم کی۔انہوں نے کہاکہ صوبوں کے حوالہ سے بھی ہمارے پاس اعدادوشمارموجودہیں۔