شفیق باپ سایہ دار شجر کی مانند ہیں،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازکا والد سے محبت کے عالمی دن پر پیغام

160
شفیق باپ سایہ دار شجر کی مانند ہیں،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازکا والد سے محبت کے عالمی دن پر پیغام

لاہور۔16جون (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ والد کی خاموش قربانیوں کو تسلیم کرنا چاہیے جو اکثر نظرانداز کر دی جاتی ہیں، بہتر مستقبل یقینی بنانے کے لئے باپ کی قربانیوں کو بھی تسلیم کیا جائے۔

وزیراعلی نے والد سے محبت کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج اپنے بچوں کی پرورش اور رہنمائی میں والد کے انمول کردار کو تسلیم کرنے کا دن ہے،اولاد کی تربیت اور بہتر پرورش میں والد کے شفیق کردار کی اہمیت کو سمجھنے کی ضرورت ہے،والد شجرسایہ دار ہے جوتپتی دھوپ میں بچوں کیلئے گھناسایہ بن جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شفیق باپ سایہ دار شجر کی مانند ہے،جس کا کوئی نعم البدل نہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ اپنی ہر کامیابی والد گرامی محمد نواز شریف کے نام کرتی ہوں جو ہر مشکل میں میرا حوصلہ ہیں،خوش قسمت ہوں جو محمد نواز شریف جیسے والد گرامی ملے اور مجھے انکی بیٹی ہونے پر ناز ہے

،ہر روز والد محترم سے دعائیں لے کر نکلتی ہوں اور واپس آکر سب سے پہلے انہیں سلام کرتی ہوں۔ وزیر اعلی نے کہا کہ والدین کی عزت وتکریم کرنے اوراف تک نہ کہنے والے دنیا و آخرت میں سرخرو ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عزیز تر مجھے رکھتا ہے وہ رگ جاں سے یہ بات سچ ہے مرا باپ کم نہیں ماں سے۔