شمالی اور جنوبی پنجاب کی تمام قومی شاہراہیں بحال ہیں، سندھ کی تمام قومی شاہراہوں پر ٹریفک رواں دواں ہیں ، نیشنل ہائی وے اتھارٹی

303
NHA
NHA

اسلام آباد۔28اگست (اے پی پی):نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور موٹر وے پولیس نے قومی شاہراہوں کی تازہ ترین صورتحال جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی اور جنوبی پنجاب کی تمام قومی شاہراہیں بحال ہیں، سندھ کی تمام قومی شاہراہوں پر ٹریفک رواں دواں ہیں – ترجمان این ایچ اے کی طرف سے اتوار کو جاری بیان کے مطابق بلوچستان کی قومی شاہراہ ایم 8، اور این 65 سیلاب کے باعث بند ہے جس کی بحالی کے لئے کوششیں جاری ہیں-

ترجمان این ایچ اے نے کہا کہ ایم 8 خضدار ، قبول سعید خان سیکشن سے قومی شاہراہ بند ہے اور کوئٹہ، سبی، ڈیرہ اللہ یار ہائی وے این 65 پر پل گرنے کے باعث متاثر ہے- ترجمان این ایچ اے کے مطابق آرمی انجنئیرز نے این 65 پر بیلی ٹائپ برج انسٹال کرنے کیلئے سروے شروع کردیا ہے، ( کل )منگل تک قومی شاہراہ این 65 مکمل طور پر ٹریفک کیلئے کھول دی جائے گی- ترجمان نے کہا کہ گلگت بلتستان کی قومی شاہراہ این 35 اور ایس 1 ہر قسم کی ٹریفک کیلئے کھلی ہے، بلوچستان کی قومی شاہراہ این 140 تین مختلف مقامات سے ٹریفک کیلئے بند ہے –

ترجمان نے کہا کہ قومی شاہراہوں سے ملحقہ روڈز پر بھی این ایچ اے اپنی خدمات سر انجام دے رہی ہے- وفاقی وزیر مواصلات مولانااسعد محمود نے مشکل حالات میں بہترین کام پر این ایچ اے کی کارکردگی کو سراہا ہے، چیئرمین این ایچ اے کیپٹن ر محمد خرم آغا تمام فیلڈ افسران سے رابطے میں ہے اور تمام کاموں کی نگرانی کر رہے ہیں-