ٹوکیو۔17اکتوبر (اے پی پی):جاپان نے ملک کے شمالی مرکزی جزیرے ہوکائیڈو میں سیزن کے پہلے برڈ فلو وائرس کی وبا کے پھیلنے کی تصدیق کی ہے ۔ جمعرات کو کیوڈو نیوز کے مطابق، ایویئن انفلوئنزا -ایچ ون کی انتہائی متعدی بیماری کا پتہ چلنے کے بعد، جنوبی ہوکائیڈو کے علاقے آتسوما کے ایک پولٹری فارم میں تقریباً 19,000 پرندےتلف کیئے جانے کے لیے تیار ہیں۔حکام نے جینیاتی جانچ پڑتال کے بعد وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے وہاں قرنطینہ کے اقدامات نافذ کر دیئے ہیں ۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم شیگیرو ایشیبا نے متعلقہ ایجنسیوں کو اس وباء پر قابو پانے کے لیے تیزی سے کام کرنے کی ہدایت کی ہے اور کاروباری آپریٹرز پر زور دیا ہے کہ وہ سخت احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔اس وباء کے ردعمل میں، مقامی حکام نے متاثرہ علاقے کے پانچ پولٹری فارموں میں7 لاکھ سے زیادہ پرندوں کی نقل و حرکت پر بھی پابندی لگا دی ہے۔