انقرہ۔ 30 اپریل (اے پی پی) ترکی کے وزیرِ خارجہ میولود چاوش اولو کا کہنا ہے کہ شرناک کی تحصیل سیلوپی میں سرحدی چوکی کا کھولا جانا عراق اور شمالی عراق کی کردی انتظامیہ کے مفاد میں ہوگا۔ ترک نشریاتی ادارے کے مطابق وزیر خارجہ نے بصرہ کے بعد شمالی عراق میں اپنے مذاکرات کے حوالے سے سماجی میڈیا پر اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ اووا کھوئے میں دوسری سرحدی چوکی کا کھولا جانا عراقی عوام کے مفاد میں ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ہم ”پی کے کے“، داعش اور فیتو کے خلاف جنگ میں شمالی عراق کی کردی انتظامیہ کے ہمراہ غور کریں گے، علاوہ ازیں باہمی تجارت اور سرمایہ کاری تعلقات کو فروغ دیا جائے گا۔ ترک وزیر خارجہ نے شمالی عراق کی علاقائی انتظامیہ کے ڈپٹی پرائم منسٹر قبات طالابانی سے ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ "عراق کے تمام تر علاقوں اور گروہوں کے ساتھ ہمارے باہمی تعلقات پیش رفت حاصل کر رہے ہیں۔ نجی شعبے اور ترک کاروباری شخصیات کے ساتھ ہم سلیمانیہ میں مزید دکھائی دیں گے۔