شمالی علاقوں کا دلکش موسم سرما یورپی ٹریول بلاگرز کی توجہ کا مرکز، رپورٹ

48
شمالی علاقوں کا دلکش موسم سرما یورپی ٹریول بلاگرز کی توجہ کا مرکز، رپورٹ

اسلام آباد۔1فروری (اے پی پی):پاکستان کے شمالی علاقوں میں خوبصورت پہاڑ ، پر سکون وادیاں، ثقافتی ورثہ اور روایتی مہمان نوازی یورپی ٹریول بلاگرز کو اپنی طرف متوجہ کر رہی ہیں۔ ایک نجی نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق شمالی علاقوں کے خوبصورت مناظر، دلکش دیہات اور بلند و بالا چوٹیوں پر مبنی ٹریکس، سکیئنگ سے لے کر رافٹنگ اور پیرا گلائیڈنگ کے لئے ایڈونچر کے لامتناہی مواقع فراہم کرتے ہیں۔

یورپی بلاگرز بڑی تعداد میں پاکستان کی پوشیدہ خوبصورتی کو دریافت کر رہے ہیں اور اپنے لاکھوں فالوورز کے ساتھ اپنے تجربات کا اشتراک کر رہے ہیں، جس سے دنیا بھر میں پاکستان کے خوبصورت اور مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں مدد مل رہی ہے۔ ایک ٹریول بلاگر کے طور پر کیری پٹسالس نے دنیا بھر میں بے شمار مقامات کی سیر کی تھی لیکن پاکستان کی طرح کوئی اور ملک ان کا دل نہ موہ سکا۔ انہوں نے کہا کہ پہاڑی علاقوں کی خوبصورتی، مقامی لوگوں کی گرمجوشی اور راستے میں ملنے والی کمیونٹیز کی لچک نے مجھے حیرت میں ڈال دیا۔

حال ہی میں پاکستان کا دورہ کرنے وا لے یورپی ٹریول بلاگر کیری پٹسالس نے کہا ہے کہ میں پاکستان پر اپنے بلاگز کو ملنے والے ردعمل سے بہت متاثر ہوا ہوں۔ کیری نے مزید کہا زیادہ سے زیادہ ٹریول بلاگرز اب پاکستان آ رہے ہیں اور میں انہیں پاکستان کی شاندار قدرتی خوبصورتی، بھرپور ثقافت اور لذیذ کھانوں سے پیار کرتے ہوئے دیکھ کر بہت خوش ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی لوگوں کی مہمان نوازی واقعی غیر معمولی ہے انہوں نے مجھے خاندان کا حصہ سمجھا ، میں جلد ہی پاکستان واپس آنے اور اس ناقابل یقین ملک کے بارے میں مزید جاننے کے لیے پرجوش ہوں ۔رپورٹ کے مطابق ایک اور جرمن ٹریول بلاگر نے کیری کے جذبات کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سیاحوں کے لیے ایک پوشیدہ جوہر ہے۔ یہاں کے مناظر دلکش ہیں، لوگ دوستانہ ہیں اور کھانےحیرت انگیز طور پر لذیذ ہیں۔

رپورٹ کے مطابق مقامی لوگوں کے لیے غیر ملکی سیاحوں کی آمد نے معیشت کو خوش آئند فروغ دیا ہے۔ ہنزہ میں ایک ہوٹل کے مالک محمد علی نے کہا کہ ہم اپنے علاقے میں بہت سے غیر ملکی زائرین کو آتے دیکھ کر بہت خوش ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیر ملکی سیاح ہمارے لئے صرف معاشی فوائد کے حامل ہی نہیں ہیں بلکہ یہ ہماری ثقافت اور طرز زندگی کو دنیا کے سامنے بھی پیش کر رہے ہیں۔