شمالی وزیرستان سے پولیو کے 17 ویں کیس کی تصدیق ہوئی ہے، قومی ادارہ صحت

80

اسلام آباد۔30ستمبر (اے پی پی):شمالی وزیرستان کی یونین کونسل غلام خان کے 10 ماہ بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، کیس کی تصدیق کے بعد بچہ فوت ہوگیا ہے۔ قومی ادارہ صحت کے مطابق بچے کی معذوری 15 ستمبر کو رپورٹ کی گئی تھی ،بچے کے دائیں بازو اور گردن مفلوج ہوگئے تھے۔ یونین کونسل غلام خان سے مجموعی طور پر تین کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے ۔مذکورہ کیس سے شمالی وزیرستان میں پولیو کیسز کی تعداد 17ہوگئی ہے جبکہ پاکستان میں رواں برس پولیو کیسز کی تعداد 20 ہوگئی ہے۔

گذشتہ روز عالمی سطح پر پولیو کے خاتمہ کے لئے کام کرنے والے شراکت داروں اور مختلف ممالک کے نمائندوں نے ایک اجلاس میں پولیو وائرس کے خاتمہ کے سلسلے میں درپیش چیلنجز اور ائندہ کی حکمت عملی پر بات چیت کی ۔وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ پاکستانی بچوں کو پہلے سے زیادہ تعاون کی ضرورت ہے ،موجودہ وقت میں سیلاب کی تباہ کاری کے بعد پولیو وائرس کے پھیلاؤ کے خدشات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بچوں کو درپیش صحت مسائل کے پیش نظر پولیو کے خاتمہ کی کوششوں میں تعاون کی اشد ضرورت ہے۔جنوبی خیبرپختونخوا کے چھ اضلاع کے علاوہ ملک کے دوسرے اضلاع سے بھی پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے تاہم ابھی تک ملک کے دوسرے حصوں سے پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے۔

کوآرڈینیٹر قومی ایمرجنسی آپریشنز سنٹر ڈاکٹر شہزاد بیگ نے کہا کہ بلاشبہ رواں برس پولیو کیسز میں نمایاں اضافہ ہوا ہے تاہم پولیو کیسز کا دائرہ کار ایک مخصوص علاقے تک محدود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم جنوبی خیبرپختونخوا میں پولیو وائرس سے مقا بلہ کرسکتے ہیں تو بلاشبہ ہم پاکستان کو پولیو سے پاک کرنے کا ہدف بھی حاصل کرسکتے ہیں۔