راولپنڈی۔10نومبر (اے پی پی):شمالی وزیرستان کے ضلع اسپن وام کے علاقے میں سکیورٹی فورسز نے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر خفیہ معلومات پر مبنی آپریشن (آئی بی او) میں 6 خوارج دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ 6 خوارج زخمی ہو گئے۔
اتوار کو یہاں انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ آپریشن کے دوران، اپنے دستوں نے مؤثر طریقے سے خوارج کے مقام کو تلاش کیا، جس کے نتیجے میں 6 خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا جب کہ 6 دیگر خوارج زخمی ہو گئے ۔
ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، جو سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کے قتل میں بھی سرگرم رہے۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا ہے کہ علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی دوسرے خارجی کو ختم کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے،پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں ۔